الحمرا آرٹس کونسل کے نئے چیئرمین توقیر ناصر کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

توقیر ناصر فنکاروں کے درد کی دوا بنیں گے ،الحمرا میں بہت سی انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی مقررین

ہفتہ 12 مئی 2018 19:00

الحمرا آرٹس کونسل کے نئے چیئرمین توقیر ناصر کے اعزاز میں تقریب کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) لحمرا آرٹس کونسل کے نئے چیئرمین توقیر ناصر کے اعزاز میں نیشنل فائونڈیشن آف جرنلسٹس پاکستان کے زیر اہتمام الحمرا ادبی بیٹھک میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر الحمرا آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا محمد خان ، رائٹر و ڈائریکٹر پرویز کلیم ، سینئر اداکار مسعود اختر ، حفیظ طاہر ،میاں راشد فرزند ، طفیل اختر سمیت دیگر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ توقیر ناصر اداکار ہونے کے ساتھ مینجمنٹ کا تجربہ بھی رکھتے ہیں اور اس عہدے پر انکی تقرری ادب اور ثقافت کے لئے نیک شگون ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ فنکاروں کے درد کی دوا بنیں گے اور الحمرا میں ادبی ، ثقافتی اور اردو ادب کی عالمی کانفرنس کا انعقاد کے لئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توقیر ناصر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ڈی جی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اسی لیے انہیں پیشہ ورانہ امور پر بھی مہارت حاصل ہے اور وہ اعلی تعلیم یافتہ اور ہر دل عزیز اداکار ہونے کے ساتھ فنکار دوست بھی ہیں ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دور میں ان کے زیر سایہ الحمرا میں بہت سی انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی ۔

اس موقع پر چیئرمین الحمرا آرٹس کونسل توقیر ناصر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے اعزاز میں جو تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے میں ان تمام دوستوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں اور میری کوشش ہے کہ میں الحمرا میں ایسے کام کر جائوں جو تاریخ کا حصہ ثابت ہوں اور اس کے لئے مجھے سب دوستوں کی معاونت کی ضرورت ہے ۔ تقریب کے آرگنائز نیشنل فائونڈیشن آف کلچرل جرنلسٹس پاکستان کے سرپرست طفیل اختر ، کامران جیلانی ، اے آر گل اور ساجد یزدانی نے شرکا کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کے بعد چیئرمین مہمانوں سے گل مل گئے ۔۔

متعلقہ عنوان :