سپریم کورٹ کے حکم پر قائم لیگل ایجوکیشن کمیٹی نے قانونی تعلیم کے نصاب میں تبدیلی کے لئے سفارشات مانگ لیں

ہفتہ 12 مئی 2018 19:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) سپریم کورٹ کے حکم پر قائم لیگل ایجوکیشن کمیٹی نے قانونی تعلیم کے نصاب میں تبدیلی کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سربراہی میں قانونی نصاب کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سفارشات مانگ لیں،قانونی نصاب کمیٹی نے سمسٹر سسٹم کی بنیاد پر پانچ سالہ ایل ایل بی کے لئے نصاب کی تشکیل اور ترتیب کے عمل کا آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

قانونی نصاب کمیٹی کا پہلا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت پروفیسر احمد علی نے کی،اجلاس میں میاں ظفر اقبال کلانوری،،پروفیسر ہمایوں احسان،ملک بھر سے تعلق رکھنے والے قانون کے اساتذہ اورہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈی جی نذیر حسین نے شرکت کی،میاں ظفر اقبال کلانوری نے اجلاس میں طے پانے والے امور سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ چارٹرڈ یونیورسٹیوں میں ایل ایل بی کی پانچ سالہ ڈگری سمسٹر سسٹم کی بنیاد پر دینے کی سفارش کی گئی ہے،چارٹرڈ یونیورسٹیوں سے الحاق شدہ کالجز میں ایل ایل بی سالانہ امتحان کی طرز پر پانچ برس کا کرنے کی سفارش کی گئی ہے،انہوں نے بتایا کہ رٹہ سسٹم ختم کر کے منطق اور معیاری قانونی نصاب تعلیم کو جلد تشکیل دینیکی سفارش کی گئی ہے،اجلاس میں اتفاق رائے پایا گیا کہ ایل ایل بی کے پہلے دو برسوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی،کامرس،ماحولیاتی قانون،مصالحتی قوانین اور قانونی فلسفہ سے متعلق تفصیلی مضامین ترتیب دئیے جائیں گے۔