امریکہ نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ ختم کرکے اپنے لئے مشکلات پید ا کرلی ہیں، پیر معصوم نقوی

امریکہ اپنی اصلاح کی طرف توجہ دے، اسلام کے بارے میں تعصب امریکی تباہی کا باعث بنے گا

ہفتہ 12 مئی 2018 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ اور نظام مصطفی متحدہ محاذ کے سینئر نائب صدر قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرکے خود اپنے لئے مشکلات پید ا کرلی ہیں۔ اقتصادی پابندیوں کا اثر اس ملک پر ہوگا جو اسے قبول کرے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں ایسی کوئی بات اب تک نظر نہیں آتی۔ امریکہ پوری عالمی برادری کو ہدایات دینے کی بجائے ، اپنی اصلاح کی طرف توجہ دے۔ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں اس کا تعصب ہی امریکہ کی تباہی کا باعث بنے گا۔ ویٹو پاورز ممالک اور اقوام متحدہ کو امریکی بدمعاشی اور ہٹ دھرمی کا نوٹس لینا چاہیے۔ 14۔مئی کو منعقد ہونے والے علما و مشائخ کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ جے یو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ ایران کی مخالفت میں سعودی عرب اسرائیل کا کھلاحامی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے بڑی بدبختی اور کوئی نہیں ہوسکتی کہ آل سعودنے ہمیشہ امت کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کی بجائے، امریکہ کے غلام کا کردار ادا کیا ہے۔جو کہ قابل مذمت ہے اور خادم الحرمین شریفین کے دعویداروں کو زیب نہیں دیتا۔ ان کا کہنا تھاکہ امریکہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مفادات کا تحفظ کیا ۔ لیکن امت مسلمہ میں سے فلسطینیوں کی کھل کر ریاستی سطح پر اگر حمایت کی ہے تو وہ اسلامی جمہوریہ ایران ہے۔ حجاز مقدس کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے ہی شاہ سلمان کو اپنی پالیسیاں ایران کی مخالفت کی بجائے، امت کے مفاد میں بنانی چاہیں۔ ایران اقتصادی اور دفاعی طور پر مضبوط ہوگا تو امت کا فائدہ ہوگا، نقصان نہیں۔