کل مینار پاکستان گراونڈ میں فقیدالمثال جلسہ ہو گا ، علامہ سبطین سبزواری

ہفتہ 12 مئی 2018 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) اسلامی تحریک پاکستان صوبہ پنجاب کے صدر اور متحدہ مجلس عمل کے صوبائی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہاہے کہ آج (13 مئی) تاریخی مینار پاکستان گراونڈپر ہونے والا جلسہ فقیدالمثال ہوگا۔ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم کے مطابق صوبے بھر سے عوام کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں پہنچے گی۔

جس سے پہلے ہونے والے جلسوں کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلسہ گاہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ان کے ہمراہ شہباز حیدر نقوی، ضلعی صدر شوکت علی اعوان، جعفر علی شاہ، قاسم علی قاسمی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع سے بسوں کے قافلے مینار پاکستان پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ ہمار ا ہدف ہوگا کہ قریبی اضلاع سے زیادہ تعداد میں لوگ شریک ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل ملک کی بڑی سیاسی قوت ہے ، جس نے تمام اسلامی مکاتب فکرکو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر سیکولر قوتوں کے الزام کا دندان شکن جواب دے دیا ہے کہ مسالک آپس میں مل بیٹھنے کو تیارنہیں۔ جبکہ آج 13۔ مئی کو عملی طور پر واضح کریں گے کہ اسلامی جماعتیں ہی سیاسی قوتیں ہیں۔ جن کے پاس عوامی قوت بھی موجود ہے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کا ایجنڈا بھی۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ایم ایم اے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گی اور اب تک قوم کو لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اندھیروں میں رکھنے والوں سے قوم ووٹ کے ذریعے حساب لے گی۔