کل کا جلسہ ڈانس پارٹی ، خلائی مخلوق ، سیکولر اورانتہا پسندقوتوں کی موت ثابت ہوگا، پیر اعجا زہاشمی

پانچوں دینی جماعتیں اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کریں گے، فرزندان توحید کی تعداد شمار کرنا مشکل ہوجائے گی

ہفتہ 12 مئی 2018 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدراور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ ڈانس پارٹی ، خلائی مخلوق ، سیکولر اورانتہا پسندقوتوں کی موت ثابت ہوگا۔ پانچوں دینی جماعتیں اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کریں گے۔جے یو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے مولانا شاہ احمد نورانی اور قاضی حسین احمد مرحوم کی ارواح مقدسہ یقینا خوش ہورہی ہوں گی۔

آج کے جلسے میں فرزندان توحید، عاشقان مصطفی اور محبان اہل بیت و صحابہ کرام کی تعداد شمار کرنا مشکل ہوجائے گی۔ جس سے لچر پن اور ڈانس پارٹی کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ایسے جلسے ملکی تاریخ میں پہلے ملے ہیں، نہ آئندہ ملیں گے۔

(جاری ہے)

جہاں لوگ پیسے کے زور پر نہیں، اپنے دینی اور سیاسی جذبے کے تحت آئیں گے ۔ تاکہ اپنا نام نظام مصطفی کے چاہنے والوں کی فہرست میں لکھوا سکیں۔

انہیںڈھول ڈھمکے میں نہیں، عوام کی صحیح نمائندگی اور اسلامی نظام کے نفاذ میں دلچسپی ہے۔ یہ لوگ پٹواریوں اور سرکاری اساتذہ پر بھی مشتمل نہیں جو حکمران جماعت اپنے جلسوں کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر کے کرتی ہے ۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ آج کا جلسہ انتہا پسند قوتوں کی نفی کابھی پیغام ہے کہ جو فرقوں کی بنیاد پر مسلمانوں میں اختلافات پیدا کرتے ہیں۔

واضح ہے کہ فرزندان توحید ایک پلیٹ فارم پر اجتماعی قیادت کے ساتھ موجود ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ عظیم الشان اجتماع اتحادا مت کا بھی پیغام دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی ختم نبوت، قرآن مجید بطور آخری الہامی کتاب اور کعبہ کو قبلہ ماننے والے سب مسلمان ہیں۔ فروعی اور مسلکی اختلافات اپنی جگہ مشترکہ اہداف کی جدوجہد میں ہم سب ایک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کا جلسہ مینار پاکستان پراب تک ہونے والے جلسوں کا ریکارڈ توڑے گا۔