ْ نیشنل بک فائونڈیشن کا فیصل آباد آرٹس کونسل کے اشتراک سے کتاب میلہ اختتام پذیر ہو گیا

ہفتہ 12 مئی 2018 20:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام نیشنل بک فائونڈیشن کا فیصل آباد آرٹس کونسل کے اشتراک سے دو رزہ کتاب میلہ کتاب دوستی اور امن و اخوت کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ گزشتہ روز اس کتاب میلے کا افتتاح مشیرِ وزیراعظم عرفان صدیقی نے کیا تھا۔ میلے کے دونوں دن کتاب خوانی کے بھرپور پروگرام منعقد کیے گئے جن میں نامور شعراء، دانشوروں، مصنفین اور شائقینِ کتب نے شرکت کی اور کتابوں سے منتخب اقتباسات پڑھے گئے۔

پروفیسر طاہرہ اقبال کے ناول ’’نیلی بار‘‘ کی تقریبِ رونمائی میں شرکاء نے کتاب اور صاحبہ کتاب کے حوالے سے پُرمغز گفتگو کی اور اسے ایک کامیاب اور فکر انگیز ناول قرار دیا۔ آفاق کے زیر اہتمام بچوں کا ذہنی آزمائش کا خوبصورت پروگرام اور بیکن اسکول سسٹم کے طلبہ و طالبات کی اسٹیج پرفارمنس نے بھی شرکاء کے دل موہ لیے۔

(جاری ہے)

’’فروغ کتب بینی کے جدید طریقے‘‘ کے موضوع پر مذاکرے میں بھی خوبصورت گفتگو کی گئی۔

نیشنل بُک فائونڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا کہ عرفان صدیقی صاحب اور ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں یہ میلہ ترتیب دیا گیا تھا جو بھرپور اور کامیاب میلہ ثابت ہوا۔ اس میں 50 کے لگ بھگ بُک اسٹال لگائے گئے جبکہ فیصلہ آباد اور مضافات کے عوام نے اور شائقینِ کتب نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنی پسند کی کتب خریدیں۔