احسن اقبال پرحملےسےمتعلق ایجنسیاں بتا سکتی ہیں،خواجہ سعد رفیق

ایک مائنڈ سیٹ سمجھتا ہےجو وہ کہہ رہےہیں درست ہے،کوئی سمجھتا ہےن لیگ ختم ہوجائیگی تویہ اسکی غلط فہمی ہے،نوازشریف کا بیانہ دن بدن مقبول ہورہا ہے،بروقت انتخابات سےلوگ فیصلہ کرینگےاگلی حکومت کس کے پاس ہوگی۔سروسز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 مئی 2018 18:11

احسن اقبال پرحملےسےمتعلق ایجنسیاں بتا سکتی ہیں،خواجہ سعد رفیق
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12مئی 2018ء) :مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ احسن اقبال پرحملےسے متعلق سیکیورٹی ایجنسیزبتاسکتی ہیں، ایک مائنڈ سیٹ سمجھتا ہے جو وہ کہہ رہے ہیں درست ہے،کوئی سمجھتا ہے ن لیگ ختم ہوجائیگی تویہ اسکی غلط فہمی ہے،نوازشریف کا بیانہ دن بدن مقبول ہورہا ہے،بروقت انتخابات سے لوگ فیصلہ کرینگے اگلی حکومت کس کے پاس ہوگی۔

انہوں نے آج سروسز ہسپتال میں وزیرداخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال پر حملے کے دکھ کو سب نے محسوس کیا اور اس کی مذمت کی ہے۔ ایسے قد کے لوگوں پرحملوں ہوں گے تومحفوظ کون ہے؟ جب بات گالی سے شروع ہوتی ہے توگالی تک جاتی ہے۔ ہم کہتے ہیں کسی کو گالی مت دو۔

(جاری ہے)

جب لیڈر کارکنوں کو مارپیٹ پر اکسائیں گے تو حالات خراب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں نے بہت سی کامیاب کوششیں کی ہیں۔ کوئی سمجھتاہے ن لیگ ایسےختم ہوجائے گی تویہ اسکی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ختم نہیں ہوسکی جب تک زرداری صاحب نے آکرشعوری کوشش نہیں کی۔ میاں نواز شریف کا بیانہ دن بدن مقبول ہورہا ہے۔ نوازشریف کے بیانیے میں صداقت ہے،سعد رفیق نے کہا کہ لوگ ہمیشہ زیادتی کا شکار ہونیوالوں کے ساتھ ہوتےہیں۔

ہمیں کسی سے بدلہ یا انتقام نہیں لینا،سب اپنے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بحران پیدا کیا گیا ہے اس کا حل بروقت اورشفاف الیکشن ہیں۔ ہماری سوچ ہے سب مخالفین کو اکٹھا کریں اورقومی ایجنڈا بنائیں۔ بروقت ،شفاف انتخابات سے لوگ فیصلہ کرینگے اگلی حکومت کس کے پاس ہوگی،سعد رفیق نے کہا کہ احسن اقبال پرحملےسے متعلق سیکیورٹی ایجنسیزبتاسکتی ہیں۔ مائنڈ سیٹ سمجھتا ہے جو وہ کہہ رہے ہیں درست ہے، مائنڈ سیٹ کسی کی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔