آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے، عوام مسلم لیگ (ن) کا بھرپور ساتھ دیں گے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ مئی 20:13

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے، عوام مسلم لیگ (ن) کا بھرپور ساتھ دیں گے، ملک میں دوبارہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی اور پہلے سے زیادہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرے گی۔ وہ ہفتہ کو حویلیاں محلہ شیخاں اور محلہ موہڑہ میں ترقیاتی سکیموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے محلہ موہڑہ اور محلہ شیخاں کیلئے ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کا فنڈ فراہم کیا، ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کے بعد علاقہ میں ترقیاتی سکیموں کا آغاز کر کے ترقیاتی سکیموں کا باقاعدہ افتتاح کیا جبکہ 100 کے وی کے ٹرانسفارمر کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا جو ایک ہفتہ کے اندر لگایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف پانچ سالوں کے دوران سازشیں کی گئی ہیں جن کا ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملک سے جمہوریت کو ڈیل ریل نہیں ہونے دیا، سازشی عناصر اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اور ہم عوامی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آ کر عوام کی خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حویلیاں میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے ہیں اور آئندہ بھی کامیابی کے بعد اپنے حلقہ کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے، عوام مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ رکھنے والے نمائندوں کو کامیاب کریں گے۔ تقریب سے نصیر عباسی، ایوب آفریدی، ناظم شاہنواز خان، ظہیر عباسی، سلیم خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔