Live Updates

چھترپلین میں عوامی نیشنل پارٹی کا ورکر کنونشن

ہفتہ 12 مئی 2018 20:13

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) چھترپلین میں عوامی نیشنل پارٹی ورکر کنونشن نے جلسہ کا روپ دھار لیا، علاقہ بھر سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ورکر کنونشن سے شہید بشیر احمد بلور کے فرزند ہارون خان بلور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی صوبہ میں بسنے والی تمام اقوام کی پارٹی ہے، پختون ایک غیرت مند قوم ہے، متوقع الیکشن 2018ء میں ایک بار پھر عوامی نیشنل پارٹی کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں، ہم بابا کے امن کے پیروکار ہیں، ہم شرعی نظام کو لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، پی ٹی آئی سپر لوڈ پارٹی ہے، پی ٹی آئی کا نیا پاکستان اور تبدیلی کا نعرہ ایک ڈھونگ تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تمام وعدے ہوائی گولے ثابت ہوئے، عمران خان نے پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے، تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں اپنے ووٹ فروخت کر کے نیا پاکستان کی بنیاد رکھی، اب عمران خان اپنے ایم پی ایز کو چور اور کرپٹ کے نام سے پکارتے ہیں جبکہ ایم پی ایز وزیراعلیٰ کو چور اور کرپٹ کہتے ہیں، ڈینگی سے بھاگنے والے صوبہ کی کیا خدمت کریں گے، عمران خان ڈینگی سے بھاگ کر نتھیاگلی میں جا بیٹھے تھے، اگر اس پر کوئی بڑی بات آ گئی تووہ بنی گالہ یا انگلینڈ پہنچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے تو صوبہ میں کہیں بھی تبدیلی نہیں دیکھی، پختون کی آواز صرف اے این پی نے اٹھائی ہے، جب بھی پختونوں پر سخت وقت آیا تو سب پارٹیاں چھپ جاتی ہیں صرف اے این پی پختونوں کیلئے آواز اٹھاتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات