آرٹس کونسل میں محفل غزل کا انعقاد ،معروف موسیقارشعیب نجمی، سہیل نجمی، کاشیہ کیف اور علی مانی نے فن کا مظاہرہ کیا

ہفتہ 12 مئی 2018 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی یوتھ کمیٹی اور دی سیوا آرٹس کے تعاون سے محفلِ غزل گزشتہ روز منظر اکبر ہال میں سجائی گئی۔ جس میں ملک کے معروف موسیقارشعیب نجمی، سہیل نجمی، کاشیہ کیف اور علی مانی نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈلاس ٹیکساس امریکہ کے فن ایشیاء ریڈیو اسٹیشن کی آر جے شازیہ خان ، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی یوتھ کمیٹی کے چیئرمین اسجد بخاری اور میوزک کمیٹی کے چیئرمین کاشف گرامی،آڈیو ویژول کمیٹی کے چیئرمین اقبال لطیف اور وائس چیئرمین نعمان خان بھی موجود تھے۔

معروف گلوکار سہیل نجمی کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل ایک ایسا ادارہ ہے جہاں گنگنانا ہی بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ احمد شاہ صاحب اور سیداسجد بخاری صاحب کے شکرگزار ہیں کے انہیں یہ موقع فراہم کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سہیل نجمی نے اپنے منفرد انداز میں سُر بکھیرتے ہوئے گیت اور غزلیں پیش کیں جسے حاضرین محفل نے بے حد سراہا۔سہیل نجمی کے بھائی اور ابھرتے ستارے شعیب نجمی نے بھی آرٹس کونسل انتظامیہ اورخصوصی طور پر محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا اور حاضرین محفل کی فرمائش پر مختلف گیت اور غزلیں پیش کیں۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے اپنے گلوکاری کے سفر کا آغاز کرنے والی کاشیہ کیف نے بھی اپنی جادوئی آواز سے سماں باندھا اور کلا سیکل غزلوں کے ساتھ ساتھ سندھی اور پنجابی گیت بھی گنگنائے۔ ڈلاس ٹیکساس امریکہ کے فن ایشیاء ریڈیو اسٹیشن کی آر جے شازیہ خان نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کی بے مثال کاوشوں کی بدولت آج دنیا بھر میں اسکا اپنا نام اور مقام ہے۔

انہوں نے ڈلاس ٹیکساس کے مشہور ریڈیو اسٹیشن فن ایشیاء کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں بھی پاکستانی آر ٹسٹوں کو فن ایشیاء ریڈیو کی بدولت فروغ مل رہاہے۔ انہوں نے غزل نائٹ پر مدعو کئے جانے پرآ رٹس کونسل کراچی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر معروف گلوکار علی مانی بھی موجود تھے جنہوں نے اپنی آواز سے سامعین کے دل جیت لئے۔