پاکستان عوامی اتحاد کے جلسے کی تیاریاں مکمل ،پرویز مشرف اور دیگر خطاب کریں گے

ہفتہ 12 مئی 2018 20:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان عوامی اتحاد کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،سابق صدرپرویز مشرف اوران کی اتحادی جماعتیں کل اتوار کو نشتر پارک کراچی میں عوامی جلسہ کرکے کراچی میں سیاسی انٹری دیں گی، جلسے سے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف دبئی سے ویڈیولنک کے ذریعہ جبکہ اے پی ایم ایل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد امجد ، پاکستان مسلم لیگ (ج) کے سربراہ اقبال ڈار ، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری ، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان ، پاکستان مسلم الائنس کے سربراہ امان اللہ خان پراچہ ، اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر اور پاکستان عوام لیگ کے سربراہ ریاض فتیانہ خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

اے پی ایم ایل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد امجد کے مطابق پاکستان عوامی اتحاد کے کراچی میں جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ جلسے کے انتظامات کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بنائی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان عوام اتحاد مختلف جماعتوں پر مشتمل ایک بڑا سیاسی اتحاد ہے اور یہ اتحاد اتوار کو کراچی میں اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرکے سیاسی فضا ء کوبدل دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس اتحاد میں شامل جماعتیں ایک ہی پلیٹ فارم سے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے کی کڑی ہے ۔ اتوار کو اس جلسے میں کراچی کے عوام بھرپور شرکت کرکے یہ ثابت کر دیں گے کہ یہ شہر پاکستان عوامی اتحاد کے چاہنے والوں کا ہے ۔ جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان عوامی اتحادکیرہنما امان اللہ پراچہ نے بتایا کہ جلسے کے انتظامات تقریبا مکمل ہیں اور جلسیمیں ہزاروں کرسیاں لگائی گئیں ہیں۔