ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت، خدمت ا ور ا حترام سے د نیا وآخرت میں کامیابی ملتی ہی،ْ شہبازشریف

ماں کے سامنے شفقت اور انکساری سے جھکے رہنا عزت کی بلندیوں تک پہنچا دیتا ہے‘ماں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 12 مئی 2018 20:36

ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت، خدمت ا ور ا حترام سے د نیا وآخرت میں کامیابی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت، خدمت ا ور ا حترام سے د نیا وآخرت میں کامیابی ملتی ہے،ماں کے سامنے شفقت اور انکساری سے جھکے رہنا عزت کی بلندیوں تک پہنچا دیتا ہے،میری زندگی کی کامیابیوں میں میری والدہ کا بہت بڑا ہاتھ ہے اورمیں آج جس مقام پر ہوں یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اورمیری والدہ کی دعاؤں کانتیجہ ہے ۔

محمد شہبازشریف نے ماں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری تہذیب کی پوری عمارت ماں کی تعظیم اور اطاعت پر قائم ہے،بلاشبہ ماں سچے جذبے اور صادق رشتے کا نام ہے،جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

(جاری ہے)

ماں کی عظمت سے کوئی بھی انسان، دین، مذہب، قوم اور فرقہ انکار نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہا کہ ماں کا رشتہ ہر غرض، بناوٹ اور ہر طرح کے تقاضے سے پاک ہوتاہے اورماں کی زندگی کا محوراولادکی خوشحال زندگی ہے اورماں ہی وہ ہستی ہے جو اولاد کے راز اپنے دل میں چھپا لیتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ماں کی دعائوں سے ہر مشکل کی گھڑی، صعوبت اور مشقت آسان ہو جاتی ہے۔ ماں کے رشتے کی خوبصورتی یہ ہے کہ وہ اپنی محبت اور خلوص سے ہماری شخصیت کی تعمیر کرتی ہے۔انہوںنے کہا کہ اس دن کا بنیادی مقصد ماں کیلئے عقیدت، شکر گزاری اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔