Live Updates

پیپلزپارٹی کے جلسے میں جیالی دلہن پہنچ گئی

بلاول بھٹو کا دیدار کرنے کے بعد ہی رخصتی کروں گی،پیپلزپارٹی کی جیالی رینا یوسف کی شرط

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 مئی 2018 19:05

پیپلزپارٹی کے جلسے میں جیالی دلہن پہنچ گئی
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12مئی 2018ء) : پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسے میں جیالی دلہن پہنچ گئی، پیپلزپارٹی کی جیالی نے شرط رکھ دی کہ بلاول بھٹو کا دیدار کرنے کے بعد ہی رخصتی کروں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلزپارٹی کی جیالی رینا یوسف کی آج رات کو شادی ہے۔ رینا نے شادی کی تقریب میں جانے کی بجائے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے جلسے میں جانے کو ترجیح دی۔

پیپلزپارٹی کی جیالی دلہن رینا یوسف نے براتیوں کے سامنے شرط رکھی کہ رخصتی بعد میں کروں گی پہلےچیئرمین بلاول بھٹو کا دیدارکروں گی۔ واضح رہے پیپلزپارٹی آج کراچی میں جناح گراؤنڈ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ جلسے کیلئے پیپلزپارٹی نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ جلسے میں پارٹی کارکنان کی شرکت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

جلسے میں جیالوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے ہیں۔

جبکہ پارٹی کے ترانوں پرجیالے رقص بھی کررہے ہیں۔ دوسری جانب کراچی کو انتخابی میدان میں فتح کرنے کیلئے پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے علاوہ تحریک انصاف بھی کمربستہ ہوچکی ہے۔ تحریک انصاف بھی آج کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ عمران خان آج رات 8بجے کراچی پہنچیں گے اور وہاں جلسے کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح گزشتہ روز ملتان میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے بڑے جلسے سے خطاب کیا اور لوگوں سے ووٹ کو عزت دو کا عہد لیا۔

اس موقع پرملتان جلسے میں سینئر سیاسی شخصیت جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ جاوید ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنی اولاد کو وصیت کی ہے کہ مجھے مسلم لیگ ن کے پرچم میں دفن کرنا۔ میں مسلم لیگ ن میں ہوں کبھی بھی پارٹی سے باہر نہیں گیا۔ تاہم آج ایک بار پھر نوازشریف کی قیادت کو قبول کرتا ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات