خبر رساں اداروں کی بین الاقوامی کانفرنس میں غیر ملکی مندوبین کی آمد

2 روزہ کانفرنس قومی خبر رساں ادارہ کے زیر اہتمام آج شروع ہو گی، کانفرنس کا موضوع ’’پاکستان کا میڈیا: مواقع اور چیلنجز‘‘ ہے کانفرنس سے خبر رساں اداروںکے مابین بامقصد تعاون اور قریبی روابط کو فروغ ملے گا، ایم ڈی اے پی پی

ہفتہ 12 مئی 2018 21:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) خبر رساں اداروں کی 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی این ای) میں شرکت کیلئے مختلف ممالک سے مندوبین کی وفاقی دارالحکومت آمد کا سلسلہ جاری ہے کانفرنس 13 اور 14 مئی کو منعقد ہو گی۔ قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں شرکت کیلئے 12 ممالک سے 15 مندوبین پہنچ چکے ہیں۔

کانفرنس کا موضوع ’’پاکستان کا میڈیا: مواقع اور چیلنجز‘‘ ہے جس میں خبر رساں اداروں کو درپیش پیشہ وارانہ چیلنجز پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک نے اسلام آباد آمد پر مندوبین کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ مختصر گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے دوران ہونے والے غور و غوض سے خبر رساں اداروںکے مابین بامقصد تعاون کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس صحافیوں کو مسابقانہ فضاء میں براہ راست روابط استوار کرنے میں معاون ہو گی۔ پاکستان کی 70 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد ملک کے تعمیری تشخص کو اجاگر کرنا اور خبر رساں اداروںکے مابین اشتراک کار کو فروغ دینا ہے، اب تک چین، انڈونیشیا، آذربائیجان، ایران، رومانیہ، اومان، بلغاریہ، ترکی، لبنان، سوڈان، تیونس اور شام سے مندوبین پہنچ چکے ہیں جبکہ دیگر ممالک سے مندوبین کی آمد جلد متوقع ہے۔

یہ کانفرنس اقوام عالم میں ملک کے اعتدال پسند تشخص کو اجاگر کرنے میں معاون ہو گی اور اس سے شرکاء کو ذرائع ابلاغ کے میدان میں درپیش چیلنجوں پر غور اور حکمت عملی وضع کرنے کا موقع میسر آئے گی۔ ڈیجیٹل کمیونیکشین کے موجودہ دور میں قومی خبر رساں اداروں کا کردار بہت زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ کوئی بھی قوم عالمگیریت کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے الگ تھلگ نہیں رہ سکتی۔

کانفرنس میں پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، میڈیا روابط، خبر رساں اداروں کو مستقبل کے چیلنجز اور ڈیجیٹل دور میں خبر رساں اداروں کے کردار اور باہمی تعاون کے موضوعات پر اہم نشستیں منعقد ہوں گی۔ مختلف شعبہ جات سے کلیدی مقررین ان اہم موضوعات پر منعقد ہونے والی نشستوں میں اظہار خیال کریں گے۔ غیر ملکی مندوبین کو پاکستان کی امن کاوشوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا جائے گا کہ کس طرح پاکستان نے دہشت گردی کے چیلنج پر قابو پایا ہے۔