مہاجروں کے مسائل کا حل صوبے کے سوا کچھ نہیں : ڈاکٹر سلیم حیدر

اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کو سندھ کے شہری علاقوں کے مہاجروں کیلئے پیکیج دینا ہوگا،چیئرمین ایم آئی ٹی

ہفتہ 12 مئی 2018 21:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجروں کے مسائل کا حل صرف اورصرف مہاجر صوبے میں ہی ہے۔ مہاجروں کے ساتھ 70 سال سے سندھ کے شہری علاقوں میں تیسرے درجے کے شہریوں کا سلوک کیا جارہا ہے۔ مہاجر آگ اور خون کے دریا عبور کرکے پاکستان آئے لیکن یہاں انہیں نہ تو ان کے بنیادی حقوق ملے اور نہ ہی ان کی چھوڑی ہوئی املاک میں سے حصہ دیا گیا۔

وہ MIT کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس سے فرید خان، اعجاز شیخ، شہزاد الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ MIT مہاجر حقوق اور مہاجر صوبے کی بانی جماعت ہے ، 35 سالہ سیاست میں ہم نے مہاجروں کے مسائل کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

آج مہاجر سیاست کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ۔ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کو کراچی سمیت سندھ کے مہاجروں کیلئے باعزت پیکیج کا اعلان کرنا ہوگا ۔

اگر مہاجر شہروں میں غیر مہاجروں کو مسلط کرنے کی پالیسی جاری رہی تو اس کے منفی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں وہ بازی گر جو کراچی کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں پنجہ آزمائی کررہے ہیں لیکن کراچی کے عوام اُن کے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ مہاجروں کو تباہ کرنے والے یہی عناصر اور حکمران ہیں جو برسہا برس اقتدار میں رہے لیکن انہوں نے سندھ کے وسائل لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے مہاجر عوام سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے مہاجر صوبے کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

متعلقہ عنوان :