عباسی خاندان نے کل تک کوئی بھی ناجائز اثاثہ نہیں بنایا،ڈاکٹرصفدر عباسی

ہفتہ 12 مئی 2018 21:11

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ عباسی خاندان نے آج تک کوئی بھی ناجائز اثاثہ نہیں بنایا اور نہ ہی کبھی سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا ہے اس کے باوجود بھی نیب کی جانب سے ہمارے خلاف جاچ پڑتال کی پریس رلیز جاری کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ چیئرمین نیب اچھی ساکھ رکھنے والے ہیں اس سے پوچھتا ہوں کہ یہ شکایت کہاں سے آئی اور کس نے کی اور بغیر تحقیقات کے کسی خاندان کے لیے پریس رلیز جاری کرنا کہاں کا قانون ہی لاڑکانہ کے ولید محلہ میں اپنی رہائش گاہ پر بڑے بھائی سابق ایم پی اے حاجی منور علی عباسی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی جانب سے نیب پر جو اعتراضات ہیں ہمارے بھی وہی اعتراضات ہیں۔

(جاری ہے)

چار روز قبل نیب کی جانب سے ہمارے خلاف سرکاری زمینوں پر غیرقانونی ہائوسنگ اسکیمیں اور ناجائز اثاثے بنانے کی تحقیقات کی پریس رلیز جاری کی گئی لیکن تاحال مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا۔ نیب سے پوچھتا ہوں کہ ہمارے خلاف کس نے اور کیا شکایت کی ہے ہمیں بتایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عباسی خاندان نے کبھی بھی کسی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کیا لیکن ہماری خاندانی زمینیں سرکاری ملکیت ضرور ہوئی ہیں جو ہم نے عوامی خدمت کے عیوض کم داموں پر حکومت کو دیں، آج تک کسی بھی ادارے کی جانب سے ہمیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔

نیب پہلے بھی ہمارے خلاف جاچ پڑتال کرچکا جن کی کلیرنس سرٹیفکیٹ اب بھی ہمارے پاس موجود ہے۔ 22 سال سے ہم اقتدار میں نہیں جبکہ ناہید خان اور میں 2007 سے کوئی بھی پبلک آفیس ہولڈر نہیں ہیں اس کے باوجود ہمارے خلاف تحقیقات سمجھ سے بالاتر ہے۔ نیب چیئرمین جسٹس رٹائرڈ جاوید اقبال اچھی شہرت کے حامل ہیں لیکن ہمیں ان کے احتساب کے طریقہ کار پر شدید اعتراض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں زرداری کے ساتھ بیٹھنا بھی پسند نہیں کروں گا کیونکہ میں انہیں سیاستدان نہیں مانتا۔ انہوں نے کہا کہ 10 سالوں میں آصف علی زرداری کی جانب سے لوٹ مار کی گئی۔ این ایف سی ایوارڈ کے تحت سندھ کو ایک ہزار ارب روپے ملے لیکن کوئی بھی ترقیاتی منصوبے سامنے نظر نہیں آتے ان سارے معاملات پر چیئرمین نیب کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ میاں نواز شریف کے احتساب کو بھی عوام تب مانیں گے جب نیب بلا تفریق کاروائیاں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرا خاندان ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، زندگی کی اتار چڑھاؤ دیکھے نہ کسی کے سامنے جھکے اور نہ جھکیں گے۔ پہلے بھی سرخرو ہوئے اور اب بھی سرخرو رہیں گے۔