ڈی ایچ کیو جہلم میں مریضہ کی ایمرجنسی میں داخلہ نہ ملنے سے ہلاکت کی خبر بے بنیاد ہے ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی

ہفتہ 12 مئی 2018 21:26

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) ڈی ایچ کیو جہلم میں مریضہ کی ایمرجنسی میں داخلہ نہ ملنے سے ہلاکت کی خبر بے بنیاد ہے ،ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی نے بتایا کہ وزیر علیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ کے موقع پر کسی مریض کو علاج معالجہ سے محروم نہیں کیا گیا۔ پروین ریاست نامی خاتون جگر کے کینسر میں مبتلا تھی جسے 8 مئی کی رات 12 بج کر 45 منٹ پر تشویشناک حالت میں لایا گیا۔

ڈاکٹروں نے مریضہ کو ہسپتال میں داخل کر کے مکمل طور پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کیں، اور اسکی ٹرمنل کنڈیشن کے بارے میں مریضہ کے خاوند ریاست کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹرز کی پوری توجہ سے علاج کرنے کے با وجود مریضہ کی حالت 10 مئی صبح ساڑھے دس بجے مزید بگڑ گئی، اور ڈاکٹروں کی جانب سے تمام تر کوششوں اور 20 منٹ تک سی پی آر کرنے کے با وجود مریضہ جانبر نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

مریضہ تقریباً 35 گھنٹے ہسپتال میں زیر علاج رہی۔ اس کے انتقال کے بعد مریضہ کے لواحقین سے نعش گھر لے جانے پر جھگڑا ہوا۔ وزیر اعلیٰ کے دورہ کی وجہ سے میڈیا کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض عناصر نے لواحقین کو احتجاج پر اکسایاجس میں مریضہ کا خاوند ریاست احتجاج میں شامل نہ تھا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال نے بتایا کہ مریضہ 2 دن پہلے سے ہی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔