رمضان المبارک جیسے عظیم مہینے میں رمضان ٹرانسمیشن میں انعام گھر ، ناچ گانے ،جوا ،لاٹری اور سرکس پر پابندی اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے ، عالمی مجلس ختم نبوت

ہفتہ 12 مئی 2018 20:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی، سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیزالرحمن ثانی، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم ،خطیب مرکزختم نبوت مولانا محبوب الحسن طاہر ،مولاناجمیل الرحمن اختر، مولانا علیم الدین شاکر،مولانا قاری عبدالعزیز مولاناسید ضیاء الحسن شاہ ودیگر علماء نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک جیسے عظیم مہینے میں رمضان ٹرانسمیشن میں انعام گھر ، ناچ گانے ،جوا ،لاٹری اور سرکس پر پابندی اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور قابل تحسین فیصلہ ہے جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے ایک بار پھر دینی حمیت اور اسلام سے اپنے گہرے تعلق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسا عظیم فیصلہ دیا ہے جس سے گمراہی کا درس دینے والے بے راہ روی کے شکار میڈیاکو نکیل ڈالنے کا آغاز ہے ۔

(جاری ہے)

اسلام ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ عدلیہ کی تاریخ کا ایک روشن اور سنہری باب ہے ۔عدالت نے ایساعظیم فیصلہ دے کر رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر بے حیائی پھیلانے والوں کے لیے بند باندھ دیا ہے۔علماء نے مطالبہ کہ پیمرا اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے اسلامی موضوعات پر گفتگو کرنے کے لیے علماء اور ماہرین کاانتخاب کرے ۔اسلامی موضوعات پر گفتگو کرنے لیے اداکاروں اور کھلاڑیوں کو بٹھا دیا جاتا ہے جو بااکل اسلامی موضوعات سے ناواقف ہوتے ہیںاور دین اسلام کا حلیہ بگاڑ دیتے ہیںاور یہ اسلام اور مسلمانوں کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں ۔