مینار پاکستان پر کل مجلس عمل کا جلسہ عام اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا،امان اللہ چٹھہ

ہفتہ 12 مئی 2018 21:28

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل حافظ آباد کے صدر امان اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ کل 13 مئی کا مینار پاکستان پر مجلس عمل کا جلسہ عام اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وہ امیر ضلع پروفیسر محمد ایوب خاں طاہر کی زیر صدارت جماعت اسلامی کی ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

جس سے ڈاکٹر محمد یٰسین انصاری، نذیر احمد چدھڑ، ہمایوں مغل اور آصف نارو ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں کی لوٹ کھسوٹ سے ملک بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے جبکہ غریب عوام تعلیم، علاج اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت ایک با وقار قوم اور منصفانہ نظام حکومت کی تشکیل کے لیے میدان میں نکلی ہے۔

اُنہوں نے عوام سے اسلامی مملکت بنانے کی اس انقلابی جدوجہد میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ جلسہ عام میں شرکت کے لیے حافظ آباد شہر کے علاوہ ونیکی تارڑ، کولو تارڑ، پبگرائیں، جلالپور بھٹیاں ، پنڈی بھٹیاں اور نانو آنہ سے بھی مجلس عمل کے قافلے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔