ماہ صیام ’’وحدت امت‘‘کاپیام لے کر آتا ہے : نبیرہ عندلیب نعیمی

اختلافات کو بھلا محسن کائنات کے اسوہ حسنہ پر چلنے کاعہدکرناہوگا،ناظمہ جامعہ سراجیہ نعیمیہ

ہفتہ 12 مئی 2018 21:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) دارالعلوم جامعہ سراجیہ نعیمیہ کی ناظمہ نبیر ہ عندلیب نعیمی نے کہاہے کہ ماہ صیام ’’وحدت امت‘‘کاپیام لے کرآتا ہے ۔ ہر مسلمان کو رمضان المبارک میں توبہ و استغفار کے ذریعے بخشش کاسامان کرناچاہیے۔رمضان المبارک توبہ و استغفار، رحمت، بخشش و مغفرت، دعائوں کی قبولیت،اللہ کا خاص قرب حاصل کرنے اور نیکیوں کا موسم بہار ہے،لہٰذا ہمیں اس ماہ مبارک میں عبادت و ریاضت اورتوبہ و استغفار کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو راضی کرتے ہوئے اپنی بخشش اور مغفرت کا سامان کرنا چاہیے۔

ہمیں رمضان المبارک کی آمدسے قبل تمام ترلسانی، گروہی ،مسلکی ،فروعی اختلافات کو بھلا محسن کائنات کے اسوہ حسنہ پر چلنے کاعہدکرناہوگا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزجامعہ سراجیہ نعیمیہ میں پیام رمضان کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںخالد ہ نورین،ناظمہ عظمیٰ رحمت،معلمہ شکیلہ قادری سمیت 20سے زائد ناظمات ومعلمات نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواتین کو شرعی مسائل کے سلسلہ میں رہنمائی دینے کیلئے مختلف مقامات پر ’’پیام رمضان‘‘ کے نام پر ’’درس قرآن‘‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔نبیرہ عندلیب نعیمی نے مزید کہاکہ اللہ تعالیٰ نے سابقہ امتوں کی طرح امت محمدیہ ؐ پر بھی روزے فرض کیے تاکہ یہ امت تقویٰ اور پرہیز گاری حاصل کرے۔ یہ وہی مبارک مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب کم از کم ستر گنا بڑھا دیتے ہیں۔ اس مہینے میں امت محمدیہؐ کیلئے جہنم کے دروازے بند جبکہ جنت کے دروازے کھول کر دیئے جاتے ہیں اور سرکش شیاطین کو بھی زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :