ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی حب چوکی میں ہندو تاجر اوربیٹے کے سفاکانہ قتل کی مذمت

دونوں باپ بیٹااپنے گھر حب کی طرف حالت ِ سفر میں تھے جب قاتلوں نے انہیں نشانہ بنایا، ڈاکٹر رمیش وانکوانی

ہفتہ 12 مئی 2018 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے حب چوکی میں ہندو تاجر جے پال داس اوربیٹے ہریش کے سفاکانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ دونوں باپ بیٹااپنے گھر حب کی طرف حالت ِ سفر میں تھے جب قاتلوں نے انہیں نشانہ بنایا، پاکستان ہندوکونسل ذرائع کے مطابق قاتل مظلوم باپ بیٹا کا سازو سامان لوٹنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، مرحومین کی میتوں کو جام غلام قادر سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سفاکانہ قتل کی خبر علاقے میں جنگ کی آگ کی طرح پھیل گئی، آخری اطلاعات موصول ہونے تک مظاہرین نے کراچی کوئٹہ روڈ کو بلاک کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش کمار نے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات ملک بھر کی محب وطن اقلیتوں میں احساسِ عدم تحفظ میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں،، انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے صوبے بھر میں مقیم ہندو کمیونٹی کو تحفظ فرواہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت اقلیتی غیرمسلم کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔