امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو امریکا منتقل کرنے کی کوشش ناکام

وزارت داخلہ سے این او سی نہ ملنے پر امریکی طیارہ سفارت خانے کا دوسرا عملہ اور سامان لے کر روانہ ، کرنل جوزف کو امریکی سفارت خانے واپس بھجوادیا گیا

ہفتہ 12 مئی 2018 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2018ء) اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے عتیق نامی نوجوان کو جاں بحق کرنے والے امریکی ایئر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف کو لینے کو امریکا منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابقامریکی فضائیہ کا خصوصی سی 130 طیارہ امریکی سفارت خانے میں تعینات ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو لے جانے کے لیے نور خان ایئر بیس راولپنڈی پر کئی گھنٹے موجود رہا۔

کرنل جوزف کی روانگی کو روکنے کے لیے انہیں بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتا تھا۔ کرنل جوزف کی روانگی کو یقینی بنانے کے لیے ایف آئی اے نے کرنل جوزف کی امیگریشن کلیئرنس کے لیے وزارت خارجہ سے خصوصی اجازت نامہ مانگا تھا تاہم حکام نے امریکی ملٹری اتاشی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد امریکی فضائیہ کا طیارہ سفارت خانے کا دوسرا عملہ اور سامان لے کر روانہ ہوگیا اور کرنل جوزف کو امریکی سفارت خانے واپس بھجوادیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرنل جوزف نے اسلام آبا میں گاڑی سے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ نوجوان کے باپ نے انصاف کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔