ایران پر امریکی پابندیوں کی بحالی،ردعمل میں عالمی کمپنیوں نے کوچ کرنا شروع کردیا، پراجیکٹس کی 6ماہ میںتکمیل کی جائیگی

ہفتہ 12 مئی 2018 22:06

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2018ء) ایران پر امریکی پابندیاں بحال ہونے کے بعد عالمی کمپنیوں نے کوچ کرنا شروع کردیا،جاری پراجیکٹس کو 6ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکومت کی طرف سے ایران کے جوہری پروگرام سے علاحدگی اور تہران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کی اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

اخباری اطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی اعلان کے بعد ایران میں سرمایہ کاری کرنے والی متعدد عالمی کمپنیوں نے واپسی کی تیاری شروع کردی ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق اطالوی توانائی کمپنی ’اینی‘ کے چیف ایگزیکٹو کلاوڈیو ڈیلسکالزی نے ایک اجلاس میں اپنے دیگر شراکت داروں سے کہا ہے کہ وہ ایران سے اپنا سرمایہ واپس لینے پر بہ تدریج کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کمپنی ایران میں نئے منصوبے شروع نہیں کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں ڈیسکالزی کا کہنا تھا کہ ’اینی‘ کے پاس ایران میں صرف ایک ہی سرگرمی بچی ہے۔ وہ ایک ملین بیرل تیل کی ماہناہ کی بنیاد پر خریداری ہے۔ یہ معاہدہ رواں سال کے آخر تک ختم ہوجائے گا جس کے بعد کوئی اور منصوبہ شروع نہیں کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر نئی پابندیوں کے نفاذ میں چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔

اس وقت تک ان کے ایران میں جاری پروجیکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا۔ادھر جاپان کی توانائی کے وسائل کی تلاش کے لیے کام کرنے والی فرم ’انپکس کورپ’ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے جنوب میں آزاد جان آئل فیلڈ کے دوسرے مرحلے سے دست بردار ہو رہی ہے۔ کمپنی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایران میں آئل سیکٹر سے نکلنے کا فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علاحدگی اور تہران پر نئی پابندیوں کے اعلان کا رد عمل ہے۔

’انپکس‘ نے سنہ 2010ء میں آزاد جان آئل فیلڈ سے اپنے 10 فی صد شیئرز واپس لے لیے تھے۔ امریکا کی طرف سے ایران پر عاید کردہ پابندیوں کے باعث جاپانی کمپنی کے لیے پروجیکٹ پر کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔توانائی کے شعبے میں کام کرنے والی ایک دوسری بڑی فرم ووڈ ماکنزی کے مطابق آزاد جان کے مقام دنیا کا خام تیل کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے جس کا اندازہ 33 ارب 20 کروڑ بیرل لگایا گیا ہے۔