Live Updates

آج سرکاری سکولوں میں داخلے کے لئے لوگ قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں،مشتاق غنی

2013میں ہم نے جو وعد ے کئے تھے آج اس کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں ، ہماری حکومت کی اولین ترجیح تعلیم کی ترقی ہے

ہفتہ 12 مئی 2018 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ماضی میں میں لوگ مجبوری سے اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرواتے تھے لیکن آج سرکاری سکولوں میں داخلے کے لئے لوگ قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں جو کہ ہماری حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جن میں ایبٹ آباد کے تین اہم سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا گیا ۔ اس میں شامل گورنمنٹ ہائی سکول نمبر04جس میں دو اضافی کمرے ، گورنمنٹ ہائی سکول نمبر01کو 19.82ملین روپے اور گورنمنٹ ہائی سکول نمبر03کو 16.44ملین روپے کی لاگت سے ہائیر سیکنڈری لیول پر اپ گریڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مشتاق غنی نے کہا کہ 2013میں ہم نے جو وعد ے کئے تھے آج اس کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں ، ہماری حکومت کی اولین ترجیح تعلیم کی ترقی ہے کیونکہ تعلیم سے ہی قومیں بنتی اور ترقی کرتی ہیں ،جن معاشروں میں تعلیم ہوتی ہے وہ کبھی بھی ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہیں رہتیں ، عمران خان نے اول دن سے تعلیم و صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین اور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی ہمیشہ رہنمائی کی اور آج الله کے فضل و کرم سے پختونخوا میں محکمہ تعلیم 80اور 90فیصد ٹھیک ہو چکا ہے ، محکمہ صحت 70فیصد بہتر ہو چکا ہے ، اسی طرح ہم نے پولیس کو ملک کا مثالی پولیس بنایا ہے اور ایسا تب ہو ا جب ہم نے اداروں کو مضبوط کرکے ان پر سے سیاسی دبائو ختم کیا ۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ سابقہ حکومتیں سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتی رہیں، پانچ چھ کمروں کی عمارت کا نام سکول نہیں بلکہ سکول وہ جگہیں ہیں جہاں ہماری نسلیں شاندار مستقبل کے لئے تعلیم اور تربیت حاصل کرتی ہیں اور پھرملک و قوم کی بھاگ ڈور سنبھالتی ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ موجودہ حکومت کے ختم ہونے میں چند دن باقی ہیں لیکن ہم نے اپنے فرائض پوری ایمانداری اور دیانت داری سے ادا کئے ہیں ہمارے سر فخر سے بلند ہیں اور عوام کے سامنے سراٹھاکر جا سکتے ہیں ۔

مشتاق غنی نے کہا کہ ہمیں عمران خان کی شکل میں ایک مخلص لیڈر ملا ہے جس کے دل میں عوام کے لئے درد موجود ہے اور عمران خان ہی قوم اور ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ اگر عوام واقعی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کا کھڑا احتساب کریں اور اپنی آواز عمران خان کے ساتھ شامل کرکے پانامہ مافیا اور کرپٹ عناصر کا خاتمہ ممکن بنائیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات