کراچی،نارتھ کراچی میں پانی کی قلت کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی دھرنا دیا گیا

دھرنے سے شہزاد مظہر ، افتخار عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،ْ خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی رمضان المبارک سے قبل پانی کی فراہمی کو ممکن نہ بنایا گیا تو ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے ۔ زاہد عسکری کا دھرنے سے خطاب

ہفتہ 12 مئی 2018 22:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی گلشن فاروق نارتھ کراچی کے تحت سیکٹر 7D-1,7D-2,7D-3,7D-4,اور7Cمیں پانی کی عدم فراہمی اور گندے پانی کی آمیزش کے خلاف اور علاقہ مکینوں کا پانی کا مسئلہ حل کرانے کے لیے انڈہ موڑ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔دھرنے میں خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شر کت کی ۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر گندے پانی سے نجات دو، واٹر بورڈ شرم کرو۔ سربراہ واٹر کمیشن پینے کے گندے پانی کی فراہمی کا نوٹس لیں۔ عوام کی ملکیت گرین بیلٹ پر کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے غیر قانونی قبضہ کو ختم کیا جائے۔ واٹر بورڈ کے راشی افسران اور اہلکار پانی کی تجارت بند کریں۔

(جاری ہے)

لائینوں میں پانی دو ورنہ ٹینکر مفت دواور دیگر مطالبات درج تھے ۔

مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سابق نائب یوسی ناظم اور ناظم علاقہ گلشن فاروق شہزاد مظہر ، پبلک ایڈ کمیٹی گلشن فاروق کے صدر افتخار عباسی اور دیگر نے خطاب کیا۔ زاہد عسکری نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور واٹر بورڈ نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی تک محروم کردیا گیا ہے ۔ واٹر بورڈ لائنوں میں پانی دینے کے بجائے ٹینکر مافیا کو پانی فروخت کررہا ہے۔

رمضان المبارک کی آمد ہے لیکن اس کے باوجود گلشن فاروق سمیت پورے کراچی میں شہری پینے کے پانی کو ترس گئے ہیں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں 32 سال سے مل کر حکومت کررہے ہیں لیکن آج تک دونوں جماعتوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کیے۔ واٹر بورڈ اب صوبائی حکومت کے ماتحت ہے ۔ ایم کیو ایم نے واٹر بورڈ میں 9000 ملازمین بھرتی کیے اس کے باوجود شہریوں کے لیے پینے کے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم انڈہ موڑ پر پر امن احتجاج کررہے ہیں اگر گلشن فاروق کے عوام کو رمضان المبارک سے قبل پینے کا صاف پانی فراہم نہ کیا گیا تو ہم واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس کا گھیراؤ کریں گے اور مسائل حل نہ ہونے تک دھرنا دیں گے ۔شہزاد مظہر نے کہا کہ ناتھ کراچی واٹر بورڈ کا ایکسیئن نا اہل ہے۔واٹر بورڈ کا عملہ رشوت لے کر پانی دیتا ہے۔ 7D گلشن فاروق کے شہریوں کو پانی کی سپلائی کے لیے پمپنگ اسٹیشن کے باوجود لائنوں میں پانی نہیں ملتا اور جن علاقوں میں پانی سپلائی کیا جاتا ہے وہاں گٹر کا بدبو دار پانی ملا ہوا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسیئن واٹر بورڈ صاف پانی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ،شکایات کرنے پر بھی شہریوں کو پانی نہیں ملتا۔ شہریوں کے حصے کے پانی کو ٹینکر مافیا کو فروخت کیا جارہا ہے اور ٹینکر مافیا من مانی قیمتوں کے عوض شہریوں کو پانی فروخت کررہی ہے۔