اللہ کے مجبور اور بے سہارا بندوں کی خدمت اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی کاذریعہ ہے۔دردانہ صدیقی

قیام پاکستان سے آج تک حکمرانوں نے عوام کے استحصال کے سوا کچھ نہیں کیا۔فیئر پرائس شاپ اور کاٹیج انڈسٹری ڈسپلے سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 12 مئی 2018 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین )پاکستان کی سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اللہ کے مجبور اور بے سہارا بندوں کی خدمت اور دادرسی اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی کاذریعہ ہے۔انسانیت کی خدمت کرنے سے اس دنیا میں دل کو سکون اور آخرت سنوارنے کا موقع ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت خواتین ونگ کے تحت کراچی میں فیئر پرائس شاپ اور کاٹیج انڈسٹری ڈسپلے سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات درست ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود کی ذمہ داری حکومت پر فرض ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک بننے والی تمام حکومتوں نے عوام کے استحصال کے سوا اور کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

آج حال یہ ہے کہ عوام کے ٹیکسوں سے بننے والے فلاحی ادارے کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے تباہ وبرباد ہو چکے ہیں، ان حالات کے تناظرمیں الخدمت جیسی فلاحی تنظیموں اور مخیر حضرات کی ذمہ داری دو چند ہو جاتی ہے ۔

ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ وطن عزیز میں عوام کو صحت ، تعلیم ، خوراک سمیت تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں اورپاکستان صحیح معنوں میں خوشحال اور اسلامی پاکستان بن جائے۔ دردانہ صدیقی نے صاحب ثروت افراد سے اپیل کی ہے کہ غریب اور مستحق لوگوں کی فلاح وبہبودکے کاموں میں الخدمت خواتین کا ساتھ دیں۔اس موقع پر ناظمہ جماعت اسلامی کراچی اسماء سفیر کے علاوہ الخدمت خواتین کی عہدے دار نویدہ انیس ، منور اخلاص ،نائب ناظمات کراچی فرح عمران ، حمیرا خالد اور دیگر زمہ داران موجود تھیں۔