کے الیکٹرک پر وزیر اعظم کی عنایات سے بجلی ، پانی سے محروم عوام سی این جی اور ٹرانسپورٹ سے بھی محروم ہو گئے ہیں ،محمود حامد

قومی خزانے میں 70فیصد ریوینو دینے والے شہر کی تجارت تباہ اور طلبہ تعلیم سے محروم، کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے،صدر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز

ہفتہ 12 مئی 2018 22:40

کے الیکٹرک پر وزیر اعظم کی عنایات سے بجلی ، پانی سے محروم عوام سی این ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد ، نائب صدور عثمان شریف ، عبد الماجد ، نوید احمد نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے خزانے میں 70فیصد ریونیو دینے والے شہر کے تاجروں اور عوام پر رحم کریں اور کے الیکٹرک کے جاری ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے عملاً کوئی ٹھوس قدم اُٹھائیں۔

رمضان میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کروائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک پرائیویٹ ادارے کے ظلم سے عوام کو نجات دلانے کے لیے کے الیکٹرک کو فوری طورپر قومی تحویل میں لیا جائے ۔ تاجر رہنماوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کے الیکٹرک گزشتہ دو تین ماہ سے گیس کی شارٹ سپلائی کا بہانا کر کے لوڈشیڈنگ کر رہی تھی اور اپنے مجرمانہ سر گرمیوں کو چھپا رہی تھی جس کے باعث لوگ بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کے لیے ترس گئے تھے ۔

(جاری ہے)

عوام مسلسل سراپا احتجاج تھے ۔عوام کے سخت احتجاج پر وزیر اعظم کراچی آئے اور انہوں نے کے الیکٹرک پر دست شفقت پھیرا اور سوئی سدرن گیس کی 70ارب کی نا دہندہ کے الیکٹرک کو گیس کی مطلوبہ مقدار فراہم کر دی مگر چند روز محض چند گھنٹے کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے بعد کراچی کے عوام پر لوڈشیڈنگ کا عذاب مزید شدت سے جاری ہے ۔ تاجروں کا کاروبار تباہ ہو رہا ہے ۔

پیاسے عوام در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔انٹر کے امنتحانات دینے والے طلبہ و طالبات کے لیے امتحانات کی تیاری ناممکن بنا دی گئی ہے اور اس کے ساتھ کراچی کے عوام پر سی این جی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب ایک روز کے بجائے دو روز کر کے عوام کو مزید عذاب میں مبتلا کر دیا ہے ۔ ای این جی کی بندش کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے اور کراچی کے عوام بجلی پانی سے محرومی کے بعد اب سی این جی اور ٹرانسپورٹ سے بھی محروم ہو گئے ۔

تاجررہنمائوں نے وزیر اعظم نے سوال کیا کہ آخر عوامی نمائندگی کا دعویٰ کر نے والے حکمران کے الیکٹرک کی ناز برداریاں کب تک کرتے رہیں گے ، انہیں بجلی سے محروم پیاسے عوام کا خیال کب آئے گا ۔ملک کی معاشی شہہ رگ کو مطلوبہ بجلی ، پانی ،گیس اور سی این جی کب فراہم کی جائے گی ۔