لاہور، انویسٹی گیشن پولیس نے نامعلوم نعشوں کی بروقت شناخت اور باعزت تدفین کو یقینی بنانے کیلئے ان نعشوں کے تمام ریکارڈ کو آن لائن کر دیا

ہفتہ 12 مئی 2018 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے پنجاب بھر کی نامعلوم نعشوں کی بروقت شناخت اور باعزت تدفین کو یقینی بنانے کیلئے ان نعشوں کے تمام ریکارڈ کو آن لائن کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن نے ایس پی سی آر او عبدالرحیم شیرازی کی نگرانی میں عوام کی سہولت کی خاطر نامعلوم نعشوںکی آن لائن شناخت کیلئے ویب سائٹ کا اجراء کیاہے۔

اب کوئی بھی شخص نامعلوم نعش کی شناخت کے سلسلہ میں پنجاب پولیس کی ویب سائٹ elm.punjabpolice.gov.pkکا وزٹ کر سکتا ہے ۔اس ویب سائٹ کو 8مختلف طریقوں سے سرچ کیا جا سکتاہے۔جن میں ڈسٹرکٹ،پولیس اسٹیشن ،بلڈ گروپ ،ہیر کلر،عمر،قد تاریخ و وقت موت وغیرہ شامل ہیں۔اس میں لاہو کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب بھر سے ملنے والی نامعلوم نعشوں کا ریکارڈ محفوظ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا یہ سہولت لاہور کے علاوہ پنجاب بھر میں استعمال کی جائے گئی۔اب تک صوبہ پنجاب سے 338عدد اور ضلع لاہور سی86عدد نامعلوم نعشوں کاریکارڈ آن لائن دستیاب ہے ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور غلام مبشر میکن نے کہا کہ ایسے لوگ جو لاپتہ ہیںانکے ورثاء اس ویب سائٹ کو لازمی چیک کریں۔ اس سائٹ سے عوام کو اپنے لواحقین کی شناخت کیلئے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگنے پڑیں گئے۔ لاہورپولیس عوام کے مسائل کے فوری حل کے لئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔