نواز شریف اور مریم نواز کا بیانیہ دھوکہ دہی کا نمونہ ہے ،

معاملہ بیٹے سے تنخواہ لینے کا ہر گز نہیں ، یہ ناجائز اثاثوں کا ہے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کی وفود سے گفتگو

ہفتہ 12 مئی 2018 23:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا یہ بیانیہ دھوکہ دہی کا نمونہ ہے کہ نواز شریف کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ، معاملہ بیٹے سے تنخواہ لینے کا ہر گز نہیں معاملہ بیٹے کے ناجائز اثاثوں کا ہے۔ ہفتہ کو پارٹی سیکریٹریٹ میں کارکنوں کے وفود سے باتیں کرتے ہوئے سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ سوال شریف خاندان کی جناتی معاشی ترقی کا ہے۔

کہ اس خاندان کے بچے پرورش کے دوران ہی اربوں ڈالر کے مالک بن گئے جیسے وہ کم سنی کے دوران کاروبار کرتے رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ نواز شریف کو مخالفین کے احتساب کا شوق تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے احتساب کی آڑ میں انتقام کی سیاست کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ نواز شریف اپنے ملازم سیف الرحمن کے ماتحت احتساب بیورو کی جعل سازیوں اور بدمعاشیوں کو کیسے بھول گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بددعائوں کے نتیجے میں نواز شریف قدرت کی پکڑ میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں ان کی حکومت ہے جس کے بل بوتے پر نواز شریف مصنوعی بہادری دکھا رہے ہیں۔ جس دن ان کی وفاق اور پنجاب میں حکومت نہ رہی دنیا دیکھے گی کہ جاتی امراء کے جعل سازوں میں کتنی جرأت ہے۔