مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، آمر نے قتل عام پر مکے لہرا کر اسے اپنی طاقت قرار دیا تھا‘پی پی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے آزاد عدلیہ کیلئے جانیں قربان کیں، شہداء کو آج تک انصاف نہیں مل سکا‘ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیوکا 12 مئی کے شہدا کی برسی پر پیغام

ہفتہ مئی 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ 12مئی 2007 ء ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حکومتی سرپرستی میں دہشتگردوں نے سیاسی کارکنوں کا قتل عام کیا، پی پی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے آزاد عدلیہ کیلئے جانیں قربان کیں، عدلیہ کی آزادی کیلئے سڑکوں جانیں دینے والوں کو آج تک انصاف نہیں مل سکا۔

انہوں نے 12 مئی کے شہدا کی برسی پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ آمر نے کراچی کے قتل عام پر اسلام آباد میں مکے لہرا کر اسے اپنی طاقت قرار دیا تھا، جیالوں نے جمہوریت اور بنیادی حقوق کیلئے قربانی کی ایک اور تاریخ رقم کی، پی پی پی 12 مئی کے تمام شہدا کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ آج اگر تھوری بہت جمہوری آزادیاں ہیں تو ان شہدا کی قربانیوں کے مرعون منت ہیں، ناعاقبت اندیش سطحی سیاستدان اس آزادی کا فائدہ اٹھا کر جمہوریت کو کمزور کرنے پر تلے ہیں، جمہوریت کا فائدہ اٹھا کر طوفان بدتمیزی برپا کرنے والوں کا تو ناخن تک نہیں کٹا تھا، جمہوریت کو کچھ ہوا تو یہ ادھر ادھر بھاگ جائیں گے قربانیاں پھر جیالے ہی دیں گے۔

(جاری ہے)

سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بینظیر اور دیگر شہدا کے خون سے قائم جمہوریت کا ہم دفاع کریں گے، ہم چیئرمن بلاول کی قیادت میں پارلیمنٹ کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔