محمدشہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی دس سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے‘

پنجاب حکومت کی کارکردگی کا بین الاقوامی اورقومی فورمز پر ہمیشہ اعتراف کیا گیا ہے،صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں

ہفتہ 12 مئی 2018 23:24

محمدشہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی دس سالہ کارکردگی عوام کے ..
فیصل آ باد۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاںنے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی قیادت میں صوبہ میں تیزرفتار ترقی اور اعلیٰ نظم ونسق کے ساتھ عوامی خدمت کے لئے مصروف عمل ہیں ،اس ضمن میں حکومت پنجاب کی دس سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے جس کا بین الاقوامی اورقومی فورم پر ہمیشہ اعتراف کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بات چک نمبر118ج ب باٹھاں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا،چیئرمین یونین کونسل افتخار محمود سپرا،وائس چیئرمین عبدالرئوف سپرا،محمد بابر نمبردار،ڈاکٹراکرام،میاں عمر ایڈووکیٹ،چوہدری محمد نعیم،علی حسن سپرا،ضیغم سپرا،جمیل احمد سپرا،افضال حسین سپرا،شوکت حسین سپرا،شفقات احمد سپرا،امتیازمحمودسپرا،تجسر حسین،افتخار حسین سپرااور کثیر تعداد میںدیگر اہل دیہہ اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام کے پاس تعمیر وخوشحالی کے حوالے سے ترقیاتی کارکردگی لیکر جائیں گے تاکہ وہ عوامی خدمت کرنے والوں اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کی اچھی طرح پہنچان کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دیہی ترقی پر یکساں انداز میں توجہ دی ہے اور ترقی کے ثمرات دیہی عوام کی دہلیز تک پہنچائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت زرعی شعبوں کو استحکام ملا ہے اور کسانوں کو ان کی محنت کا بہتر صلہ مل رہا ہے ۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پرامن ماحول بھی قوم کی ترقی کے لئے بے حدناگزیر ہے ۔یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے جامع اقدامات کئے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اس سلسلے میں فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی کاوشوں اورقربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے نئے پاور پلانٹس قائم کئے گئے ہیں اب انشاء اللہ نہ صرف لوڈ شیڈنگ سے نجات ملے گی بلکہ عوام کو سستی بجلی بھی حاصل ہوگی۔انہوں نے دیہی عوام سے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں اور افراتفری وانتشار پھیلانے والوں کو مسترد کردیں تاکہ پاکستان تیزی سی ترقی کی منازل طے کرسکے اور اسکی تقدیر سے کھیلنے والوں کے مذموم عزائم کامیاب نہ ہوسکیں۔

تقریب سے ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرا نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی طرف سے خصوصی فنڈز حاصل کرکے ان تمام دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کاجال بچھایاگیا ہے اور لوگوں کے انفرادی واجتماعی مسائل حل کرنے کے لئے ہمیشہ سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرلز کالجز کے قیام سے لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ان کے گائوں کے قریب فراہم کردئیے گئے ہیں اور ترقی کا یہ عمل جاری وساری رہے گا۔تقریب سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کے عوامی خدمت کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے حکومت پنجاب کی ترقیاتی وفلاحی پالیسیوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔