ضلع میں 12رمضان بازار 14مئی سے مکمل فعال کردئیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 12 مئی 2018 23:25

ملتان۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو سستی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کے لئے 12رمضان بازار 14مئی سے مکمل فعال کردئیے جائیں گے۔ تمام رمضان بازاروں میں عام مارکیٹ کی نسبت انتہائی سستے داموں پھل، سبزیاں اور گھریلو استعمال کی اشیاء اعلیٰ معیار میں فروخت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عام مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر خریدوفروخت یقینی بنانے کے لئے 40سے زائد ضلعی آفیسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خصوصی اختیارات دے دئیے گئے ہیں جو موقع پر بھاری جرمانے عائد کر کے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کرنے کے بھی مجاز ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر میں قائم ہونے والے مختلف رمضان بازاروں کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی چوہدری اظہر کمبوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے کہا کہ رمضان بازاروں میں خواتین ، بزرگ اور معذور افراد کے لئے الگ کائونٹر قائم کئے جائیں گے جبکہ سکیورٹی ، پارکنگ اور سایہ دار انتظار گاہوں کا بھی موثر انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی46روپے کلو جبکہ آٹا250روپے فی دس کلو فراہم کیا جائے گا تاکہ روزہ داروں کو مہنگائی کے دور میں ریلیف دیا جاسکے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام وسائل اور افرادی قوت برائے کار لائیں تاکہ رمضان بازا ر مثالی بنائے جائیں۔