ممکنہ سیلاب سے بچائو اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 12 مئی 2018 23:25

ڈی جی خان۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں ممکنہ سیلاب سے بچائو اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ‘ جولائی کے وسط سے ضلع میں رودکوہیوں اور دریائے سندھ کے سیلاب کاخدشہ رہتا ہے‘سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں اور متاثرین کو خشک راشن اورتیار خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘ پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اشیاء کی خریداری اور خدمات کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کر د یئے ہیں۔

یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں محمد اقبال مظہر مہار کی زیر صدارت اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔ ایڈیشنل ڈ پٹی کمشنر نے کہاکہ متعلقہ محکمے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں‘ ڈیرہ غازیخان رودکوہیوں اور دریائے سندھ کے سیلاب کے حوالے سے انتہائی حساس ضلع ہے‘ کوہ سلیمان کے سلسلوں پر بارش کی وجہ سے ڈیرہ کی حدود میں رودکوہیوں کا سیلاب آتا ہے‘ سیلابی راستوں کی صفائی اور دیگر اقدامات کو بھی یقینی بنایاجائے گا․ اجلاس میں مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام یاسین ، ڈی ایم او محمداسد علی ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پی ڈی ایم اے سید شہباز بخاری اور کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے ۔