ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے زیر اہتمام 2 روزہ ’’انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز‘‘ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں

کانفرنس میں شرکت کیلئے متعدد ممالک کے وفود وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے، افتتاحی نشست میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب مہمان اعزاز اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ مہمان خصوصی ہوں گے کانفرنس سے خبر رساں اداروںکے مابین بامقصد تعاون کو فروغ ملے گا، ایم ڈی اے پی پی مسعود ملک

ہفتہ 12 مئی 2018 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) اقوام عالم میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ذرائع ابلاغ کے میدان میں درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے خبر رساں اداروں کے مابین اشتراک کار کے فروغ کیلئے (آج) اتوار کو یہاں شروع ہونے والی 2 روزہ ’’انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز‘‘ (آئی سی این ای) کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے زیر اہتمام 13 اور 14 مئی کو منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کیلئے متعدد ممالک کے وفود وفاقی دارالحکومت پہنچ چکے ہیں۔ کانفرنس کی افتتاحی نشست میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب مہمان اعزاز اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کا موضوع ’’پاکستان کا میڈیا: مواقع اور چیلنجز‘‘ ہے جس میں خبر رساں اداروں کیلئے ابھرتے ہوئے پیشہ وارانہ چیلنجز پر خصوصی توجہ مرکوز ہو گی۔ دریں اثناء چین، انڈونیشیا، آذربائیجان، ایران، رومانیہ، اومان، بلغاریہ، ترکی، لبنان، سوڈان، تیونس اور شام سے مندوبین پہنچ چکے ہیں جبکہ دیگر مزید ممالک کے نمائندگان کی آمد بھی جلد متوقع ہے۔

پاکستان کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی کانفرنس کے شرکاء کو ذرائع ابلاغ کے میدان میں عصر حاضر کے چیلنجوں پر غور و غوض اور اس حوالہ سے حکمت عملی وضع کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کانفرنس سے دیگر خبر رساں اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک کار اور شریک ممالک تک روابط کو مزید فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک نے کہا کہ یہ کانفرنس صحافیوں کو تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کیلئے دیگر ممالک کے خبر رساں اداروں کے ساتھ براہ راست اور آسان روابط استوار کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اے پی پی نے دنیا میں خبر رساں اداروں کیلئے پیدا شدہ صورتحال اور ابھرتی ہوئی مسابقانہ فضاء سے نبرد آزما ہونے کیلئے یہ اہم اقدام اٹھایا ہے۔ ایم ڈی اے پی پی مسعود ملک نے اسلام آباد آمد پر مندوبین کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ مختصر گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے دوران ہونے والے غور و خوض سے خبر رساں اداروںکے مابین بامقصد تعاون کو فروغ ملے گا۔

کانفرنس میں پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، میڈیا روابط، خبر رساں اداروں کو مستقبل کے چیلنجز اور ڈیجیٹل دور میں خبر رساں اداروں کے کردار اور باہمی تعاون کے موضوعات پر اہم نشستیں منعقد ہوں گی۔ مختلف شعبہ جات سے کلیدی مقررین ان اہم موضوعات پر منعقد ہونے والی نشستوں میں اظہار خیال کریں گے۔