Live Updates

آنیوالے الیکشن میں ووٹ ڈالتے وقت پارٹی لیڈر ،

منتخب امیدوار اوران کی سابقہ کارکردگی کو مد نظر رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں، محمد عاطف خان امیدوار کرپشن سے پاک ہو اور حکومت کی کارکردگی سابقہ تمام ادوار سے اچھی ہو تو پھر ہم ووٹ کیساتھ ساتھ بھر پور سپورٹ کے حقدار ہیں، وزیر تعلیم و توانائی

ہفتہ 12 مئی 2018 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ آنیوالے الیکشن میں ووٹ ڈالتے وقت پارٹی لیڈر ، منتخب امیدوار اوران کی سابقہ کارکردگی کو مد نظر رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں ۔ اگرہم نے قوم کی خدمت کی ہو، ہمارا ریکارڈ اور تاریخ کا میابیوں سے بھرا ہو، امیدوار کرپشن سے پاک ہو اور حکومت کی کارکردگی سابقہ تمام ادوار سے اچھی ہو تو پھر ہم ووٹ کیساتھ ساتھ بھر پور سپورٹ کے حقدار ہیں۔

وہ نستہ روڈ نز د فضل حق کالج مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ جس سے ضلعی کونسل کے رکن شاہد باچا نے بھی خطاب کیا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے مردان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں ، جن میں دو یونیورسٹیاں ، گرلز کیڈٹ کالج مردان، فاطمہ الفہری سکول، کثیر تعداد میں پارکس، فلائی اوورز ، 12سپورٹس ہال، 34جنازگاہ ، سولرائزیشن ، سپورٹس کمپلیکس سکولوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر ، ہسپتالوں کی تعمیر اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے علاقے کیلئے خدمت ، میرٹ کی سربلندی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات جن میں 40ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی ، تعلیمی بجٹ کے ریکارڈ اضافے ، کمیشن ، رشوت اور سفارش سے پاک طرز حکمرانی کا موازنہ بھی میرے مد مقابل امیدواروں کے ساتھ کریں ، اگر میں ٹھیک ہوں تو پھر مجھے ضرور سپورٹ کریں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور کے مطابق پالیسیاں ترتیب دی ہیں جن میں بچوں کیلئے سکولوں کی تعمیر ، لڑکیوں کیلئے سپورٹس ہال اور سپورٹس کمپلیکس ، مساجد کیلئے سولرائزیشن ، معزور افراد کیلئے ویل چیئرز ، عورتوں کیلئے سلائی مشین، زمینداروں کیلئے سپرے پمپس شامل ہیں جبکہ اداروں میں متعارف کردہ اصلاحات کی بدولت بھی عوامی مسائل بہت آسانی کیساتھ حل ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں نے باریاں بدل بدل کر پاکستان کو لوٹا ہے جبکہ عمران خان واحدلیڈر ہے جو اس مملکت خداداد کو کامیابیوں سے ہمکنار کراسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مجھ پر اعتماد کیا تھا اور آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں نے ان کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور کوشش کی اور میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں کہ میں نے اپنے حلقے اور پورے صوبے کیلئے عملی کام کیا ۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے بہت بہتری آئی ہے ، امن و امان کے حالات میں بہترہوئی ہے اور آج عوام کے جان و مال محفوظ ہیں اور ہر کوئی اپنا روزگا ر کر رہا ہے جبکہ بنیادی چیز اداروں کی فعالی تھی اب ادارے عوام کے مسائل خود بخود حل کررہی ہیں اور یہی ہماری حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے کہ عوام کو خان خوانین کے چنگل سے آزاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس قوم کو ایک شعور دیا ہے اور آج ہر کوئی اپنے حق کے بارے میں پوچھتا ہے اور شعور رکھتا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عمران خان کی عظیم قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان ایک عظیم مملکت بنے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات