کوہاٹ ،مرئی چیک پوسٹ پر کاروائی میں چرس سے بھری گاڑی پکڑی گئی

پولیس نے مسافر کوچ سے منشیات سمگلر کو لاکھوں مالیت کی چرس سمیت حراست میںلیا گیا

ہفتہ 12 مئی 2018 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) کوہاٹ مرئی چیک پوسٹ پر کاروائی میں چرس سے بھری گاڑی پکڑی گئی ہے۔تلاشی کی کاروائی کے دوران پولیس نے منشیات کے سمگلر کو فلائنگ کوچ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔مرئی چیک پوسٹ پر دوسری کاروائی میں مسافر کوچ سے منشیات سمگلر کو لاکھوں مالیت کی چرس سمیت حراست میںلیا گیا ہے۔پکڑی گئی منشیات اورکزئی ایجنسی سے ملک کے مختلف حصوں کو سمگل کی جارہی تھی۔

چرس سمیت گرفتار دونوں منشیات سمگلروں کے خلاف تھانہ استرزئی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی منشیات کے ناسور کے خاتمے کے حوالے سے واضح احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں منشیات کی سپلائی لائن بند کرتے ہوئے پولیس نے قبائلی علاقوں اور دوسرے شہروں کو کوہاٹ سے ملانے والی اہم شاہراہوں اور منشیات سمگلروں کے زیر استعمال خفیہ راستوں کی سخت ناکہ بندی کررکھی ہے اور انسداد منشیات کی خصوصی مہم کے حوالے سے ضلع بھر میں سخت کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انسداد منشیات کے حوالے سے جاری اس مہم کے تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ استرزئی قسمت خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ اورکزئی رابطہ سڑک پر مرئی کے قریب پولیس چیک پوسٹ میںناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس دوران قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے آنیوالی ایک مشکوک فلائنگ کوچ نمبر کوہاٹ C-2068کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

تلاشی کی کاروائی میں پولیس نے فلائنگ کوچ کی سیکنڈ سیٹ میں بنے خفیہ خانے سے مجموعی طور پر 20کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے فلائنگ کوچ کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے منشیات کے بین الصوبائی سمگلررحمت گل ولد خیال گل سنکہ مشتی اورکزئی ایجنسی کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔اسی طرح مرئی چیک پوسٹ پرایک دوسری کاروائی میں پولیس نے اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ شہر آنیوالی ایک مسافر فلائنگ کوچ میں سوار منشیات سمگلر عظیم خان ولد تازہ گل ساکن مشتی اورکزئی ایجنسی کو دو کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس سمیت حراست میں لے لیا۔

پولیس نے دونوں کاروائیوں میں زیر حراست منشیات سمگلروں کو فوری طور پر تھانہ استرزئی منتقل کردیا جہاں انکے خلاف چرس کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کے جرم میں الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔گرفتار دونوں منشیات سمگلروں نے ابتدائی پوچھ گچھ میں پکڑی گئی چرس اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ کے راستے ملک کے مختلف شہروں کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے منشیات سمگلنگ کے سلسلے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے۔