ایم کیو ایم میں کوئی رہبر،رہنمایالیڈر نہیں ہے،ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی

کنویئرشپ پر میرا حق نہیں یہ کارکنان کا حق ہے جسے دیں،کنوینرایم کیوایم پاکستان

ہفتہ 12 مئی 2018 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کنوینرکامنصب سنبھالنے کے بعدگزشتہ روزحیدرآبادکادورہ کیاجہاں اپنے اعزازمیں منعقدہ ایک بڑے استقبالیہ سے خطاب میں کہاہے کہ حیدرآباد نے ہر بار ثابت کیا کہ یہ شہر حق پرستوں کا ہے، لوگ ایم کیو ایم کے اصولوں،نظریے اور مقصد سے عقیدے کرتے ہیں،ایم کیو ایم سے وابستگی رکھنے والوں کے نظریات مضبوط ہیں،بائیس اگست کے بعد لوگ جشن منارہے تھے کہ ایم کیو ایم بکھر گئی،بائیس اگست کے بعد ایم کیو ایم کی تجدید ہوئی ہے۔

ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہاکہ مزیدکہاکہ ایم کیو ایم میں کوئی رہبر،رہنمایالیڈر نہیں ہے،کنویئرشپ پر میرا حق نہیں یہ کارکنان کا حق ہے جسے دیں،اب کارکنان بھی کہہ رہے کہ ہمیں رہنما نہیں منزل چاہیے۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن ورکن سندھ اسمبلی عبدالحسیب خان کا استقبالیے سے خطاب میں کہاکہ ایم کیوایم کا سفر جدوجہد کا سفر ہے جومتوسط طبقے کے لئے ہے،ایم کیوایم کی جدوجہد تفریق رنگ ونسل سے پاک ہے جس میں پنجابی،پشتون،سندھی،بلوچ، سرائیکی سب ہی شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں کوئی نئی بات نہیں،یہ سازشیں ہمارے لئے آزمائشیں ہیں ہمارے خلاف جتنی مرضی سازشیں کرلیں ایم کیو ایم کو مٹایا نہیں جاسکتا،بائیس اگست کے بعد ایم کیو ایم بکھر نہیں بلکہ نکھر گئی ہے، جن مرحلوں ہم اس وقت ہم گزررہے ہیں یہ قدرت کے بنائے ہوئے معاملے ہیں،بانیان پاکستان کی اولادوں کو پاکستان کی تعمیر وترقی سے الگ نہیں کیا جاسکتا،دیر سے ہی سہی بات سمجھ آرہی ہے بانیاں پاکستان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتاجو لوگ ستر سالوں اقتدار سے چپکے ہوئے ہیں وہ آسانی سے اختیارات اور حقوق دینے والے نہیں۔

انہوں نے کہاکہ دو ہزار اٹھارہ ظلم کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا۔استقبالیہ سے سندھ تنظیمی کمیٹی ایم کیوایم پاکستان کے انچارج مسعود محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خالد بھائی کا شاندارکے استقبال نے ثابت کردیاکہ حیدرآبادایم کیوایم کا شہرہے یہاں کے غیورعوام ایم کیوایم کے پرچم تلے متحدہیں،حیدرآبادکے عوام کل بھی ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ تھے ،آج بھی ہیں اورآنیوالاوقت ثابت کریگاکہ یہاں کے عوام ایم کیوایم کے ساتھ ہیں اورمتحدومنظم ہیں۔

استقبالیہ سے حیدرآبادکے زون کے انچارج ظفراحمد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآبادایم کیوایم کے چاہنے والوں کا شہرکاہے جوحق پرستوں کا قلعہ کہلاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی اس شہر پر قابض نہیں ہوسکتا ہے،حیدرآباد کی حق پرست عوام کل بھی ایم کیو ایم کے پرچم تلے متحد تھی اورآج بھی متحد ہے۔استقبالیہ سے سینئرجوائنٹ انچارج نوید عباسی نے خطاب میں کہاکہ ایم اکیوایم مہاجر ومظلوم قوم کی امید ہے اور ایم کیوایم کے خاتمہ کوئی پیراشوٹ جماعت نہیں کرسکتی ہے۔

جوائنٹ انچارج راشد خان نے کہاکہ حیدرآباد حق پرستوں کا شہر ہے یہاں کوئی مفاد پرست ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پی پی پی حکمران مہاجروں کی قاتل جماعت ہے،بلاول اپنی ماں کے قتل کو گرفتار کرو پھر اپنی انصاف دینے کی بات کریں۔علاوہ ازیں حیدرآبادپہنچے پرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی اوران کے وفدکاپرتپاک استقبال کیا گیا،ایم کیوایم پاکستان کے کارکنان کاجوش وخروش عرج پرنظرآیا،ایم کیوایم کے سہ رنگی پرچموں کی بہار نظر آئی ، جابجا اورچوک چوراہونپراستقبالیہ کیمپس لگے ہوئے تھے جہاں پرایم کیوایم کے ترانے بجائے جارہے تھے ۔

کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی کے اعزازمیں منعقدکیئے جانے والے استقبالیہ میں زون کے عہدیداران ،منتخب نمائندوں وکارکنان کی بڑی تعدادشریک تھی۔