پیپلزپارٹی منیارٹی ونگ کی ایک جیالی دلہن رخصتی سے پہلے اپنے قائد بلاول بھٹو کا خطاب سننے کے لیے بیوٹی پارلر سے سیدھی باغ جناح گرانؤنڈ پہنچ گئی

ہفتہ مئی 23:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) پیپلزپارٹی منیارٹی ونگ کی ایک جیالی دلہن رخصتی سے پہلے اپنے قائد بلاول بھٹو کا خطاب سننے کے لیے بیوٹی پارلر سے سیدھی باغ جناح گرانؤنڈ پہنچ گئی ۔ عروسی لباس میں ملبوس رینا یوسف خواتین انکلوژر میں پہنچی تو شرکاء کی توجہ کا مرکز بن گئیں ۔ رینا یوسف کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر سے ہے ۔ ملیر برف خانے کی رہائشی رینا یوسف کا آج ہفتہ کی شب عادل الیاس نامی شخص سے شادی اور رخصتی طے تھی ۔

رینا یوسف بیوٹی پارلر سے تیاری کے بعد عروسی جوڑے میں چرچ جانے کی بجائے سیدھی باغ جناح جلسہ گاہ پہنچ گئیں ۔ رینا یوسف کا کہنا تھا کہ میں پیپلز پارٹی کی کارکن ہوں اور اتفاق سے آج بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرنا ہے اور میری شادی بھی آج کے دن ہی طے پائی ۔

(جاری ہے)

اس لیے میں نے طے کیا کہ میں پہلے اپنے قائد بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سنوں گی ، جس کے بعد شادی کی تقریبات انجام دی جائیں گی ۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا ، وقاص شوکت اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ پہنچنے پر رینا یوسف اور ان کے عزیز و اقارب کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ کراچی جہاں پر تمام قومیتوں اور مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کا شہر ہے ، وہیں اقلیتوں کا بھی شہر ہے ۔ ہم اقلیت سے تعلق رکھنے والی دلہن کا خیر مقدم کرتے ہیں اور نیک خواہشات کا اظٖہار کرتے ہیں ۔