گوجرانوالہ،اساتذہ ملک و قوم کے حقیقی معمار ہیں،کمشنر

ہفتہ مئی 23:49

گوجرانوالہ۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ اساتذہ ملک و قوم کے حقیقی معمار ہیں انہوں نے ہی بچوں کی تراش خراش کرکے انکی تربیت سازی اور شخصیت سازی کرنا ہے اور انہیں معاشرے کا مفید اور ذمہ دار شہری بنانا ہے اور مقابلے کی ایسی فضا پیدا کرنا ہے جہاں علم وہنر اور فن کے مقابلہ کے مواقع برابری کی سطح پر فراہم کئے جائیں اور ان کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے منصفانہ نظام وضع کیا جائے تاکہ ہر شخص کو اس کی محنت کے مطابق اس کی حوصلہ افزائی کی جاسکی اور یہ نظام بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن میں میٹرک کے امتحان میں پوزیشن ہولڈر طالبعلموں اور اساتذہ کرام کی حوصلہ افزائی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فرید احمد‘ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر مختاراحمد کنٹرولر بورڈ‘ اسٹنٹ کمشنرجنرل انجم ریاض سیٹھی‘ مختلف سکولز وکالجز کے پرنسپلز ‘ اساتذہ کرام اورطلباء وطالبات نے تقریب میں شرکت کی،کمشنر کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا کہ معاشرے میں علم وہنر کی قدر ہونی چاہئیے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی فضا جس ریاست اور ملک و قوم کے اندر ہو تو ریاست مضبوط بنیادوں پر استوار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست کو علم وہنر پرکھنے کا فن نہیں تو آگے بڑھنے کے مواقع کم ہوجاتے ہیں ۔تقریب کے اختتام پر کمشنر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور اساتذہ کرام میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :