خبر رساں اداروں کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین کا دلکش سیاحتی مقامات دامن کوہ ‘پاکستان مانومنٹ اور لوک ورثہ میوزیم کا دورہ،دلکش اور فطری حسن سے مالا مال مقام دامن کوہ سے اسلام آباد کا حسین نظارہ قابل دید ہے جو ہمشیہ یاد رہے گا،غیر ملکی مندوبین کے تاثرات

ہفتہ 12 مئی 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) خبر رساں اداروں کی بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی این ای)میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین نے ہفتے کو وفاقی دارالحکومت کے دلکش سیاحتی مقامات دامن کوہ ‘پاکستان مانومنٹ اور لوک ورثہ میوزیم کا دورہ کیا اور اسلام آباد کی خوبصورتی کو سراہا ۔اے پی پی کے زیر اہتمام خبر رساں اداروں کی بین الاقوامی کانفرنس میں شریک مندوبین نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات کی سیر کی جن میں آذربائیجان سٹیٹ نیوز ایجنسی کی چیف کورسپونڈنٹ میلی کووا کیزی گونل، آذربائیجان کے ’’استقلال ڈاٹ اے زیڈ‘‘ کی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ممادوا لاچن، بلغارین نیوز ایجنسی کی ڈائریکٹر ویڈیو نیوز بریانکا دمتروا، چائنہ ڈیلی ڈاٹ کام ڈاٹ سی این کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف لی جن، چائنہ ڈیلی ڈاٹ کام ڈاٹ سی این کی ڈپٹی ڈائریکٹر آف سٹرٹیجک کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ لیو یوشا، مصر کی مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی کے ایڈیٹنگ منیجر ردا سیّد احمد عباس الشیزلی، ایران کی اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی (ارنا) کے ایڈیٹر انچیف فردین پازویکی اور مہر نیوز ایجنسی کے ڈومیسٹک نیوز جنرل ڈائریکٹر محمد مہدی رحیمی، قزاخستان کی کازن فارن انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کے جنرل ڈائریکٹر عسکر امروف، لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کی جنرل ڈائریکٹر سلائیمان لاوری، اومان نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل و ایڈیٹر انچیف محمد الاریمی، رومانین نیشنل نیوز ایجنسی کی ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر نیکولائی کلائوڈیا وکٹوریا، سوڈان کی سونا نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر محمد عثمان، شام کی ثنا نیوز ایجنسی کے ہیڈ آف انگلش ڈیپارٹمنٹ محمد ماذن عیون، تیونسین نیشنل نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر آف ایکسٹرنل ریلیشن ایلوئی چائوکی اور ترکی کی اناطولیہ نیوز ایجنسی کے انٹرنیشنل نیوز چیف ایڈیٹر فاروق توکات، انڈونیشیا کی ’’انتارا‘‘ نیوز ایجنسی کے سینئر نیوز ایڈیٹر ایلسوان ایزلی اور سعودی عرب کی یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسی کے نیوز ایڈیٹر الصادق بشیر بابا کیر ہارون شامل تھے، مندوبین نے مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع سیاحتی مقام دامن کوہ کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے غیر ملکی مندوبین کا کہنا تھا کہ دلکش اور فطری حسن سے مالا مال مقام دامن کوہ سے اسلام آباد کا حسین نظارہ قابل دید ہے جو انہیں ہمشیہ یاد رہے گا ۔غیر ملکی مندوبین نے دامن کوہ میں تصاویر بھی بنائیں ۔غیر ملکی مندوبین نے پاکستان مانوومنٹ اور لوک ورثہ میوزیم کا دورہ بھی کیا ۔ بعدازاں غیر ملکی مندوبین نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان صدر دفاترکا دورہ کیا جہاں پر منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک ‘ایگزیکٹو ڈائریکٹر طاہر حسن ‘ڈائریکٹر نیوز اکرم ملک نے ان کا خیرمقدم کیا ۔غیر ملکی مندوبین کو اے پی پی کے امور کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ایم ڈی اے پی پی نے مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔