فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم حملہ آور کا چاقو سے حملہ، متعدد افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

muhammad ali محمد علی اتوار 13 مئی 2018 01:04

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم حملہ آور کا چاقو سے حملہ، متعدد ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم حملہ آور کے چاقو سے حملے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کو ایک مرتبہ دہشت گردی کا نشانہ بنایا دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکزی علاقے میں نامعلوم شخص نے مصروف جگہ پر موجود لوگوں پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

نامعلوم شخص نے دیکھتے ہی دیکھتے چاقو کے وار سے متعدد افراد کو شدید زخمی کر دیا۔ حملے کے فوری بعد قانونی نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔ جبکہ امدادی کاروائیوں کا بھی آغاز کردیا گیا۔ حملہ آور کی گرفتاری کے حوالے سے تاحال کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ عینی شاہدوں کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور کو پولیس نے قابو میں کرنے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ چاقو کے حملے کے باعث بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص جان کی بازی بھی ہار بیٹا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران فرانس کا دارالحکومت پیرس کئی دہشت گرد حملوں کی زد میں آیا ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے پیرس کو مختلف طریقہ واردات اختیار کرتے ہوئے نشانہ بنایا جا چکا ہے جس میں کئی معصوم لوگ اپنی جانیں گنوا بیٹھے تھے۔ اب ایک مرتبہ دنیا کے مشہور ترین سیاحتی شہر کو لہو لہان کر دیا گیا ہے۔