Live Updates

مستحقین تک امدادی سامان و عطیات پہنچانے کا واحد ذریعہ کنگ سلمان سینٹر ہے، ترجمان

اتوار 13 مئی 2018 10:10

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے امدادی سامان یا عطیات سینٹر کے ذریعے مستحقین تک پہنچائیں۔ سعودی اخبار کے مطابق کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد سعودی عرب کا واحد سرکاری ادارہ ہے جس کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک میں ضرورت مندوں تک امدادی سامان و اشیاء کے علاوہ عطیات پہنچائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینٹر کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی کے مطابق کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر قائم کیا گیا ہے۔ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کیلئے رمضان المبارک یا دیگر مہینوں میں عطیات جمع کرانے یا مستحقین تک امداد پہنچانے کا واحد ذریعہ یہی سینٹر ہے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کی ہدایت کے مطابق کوئی بھی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی رمضان المبارک یا دیگر مہینوںمیں عطیات جمع کرنے کا حق نہیں رکھتا۔ شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کے تمام عطیات و اشیاء مرکز تک پہنچائے جائیں اور مرکز انہیں مستحقین تک پہنچانے کا ذمہ دار ہوگا۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات