مسلم لیگ ن 2018ء کے عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کر ے گی

حکمران جماعت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن، ہنگامی بنیادوں پر توانائی منصوبوں کا آغاز کیا جن کی بدولت آج لوڈ شیڈنگ کا کافی حد تک خاتمہ ہو چکا ہے سابق وزیر مملکت سردار شاہ جہاں یوسف کی اے پی پی سے گفتگو

اتوار 13 مئی 2018 11:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) سابق وزیر مملکت سردار شاہ جہاں یوسف نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھر پور کامیابی حاصل کر ے گی کیونکہ حکمران جماعت نے پانچ سالوں کے دوران ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، توانائی کے بحران کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مختلف منصوبوں کا آغاز کیا جن کی بدولت آج لوڈ شیڈنگ کا کافی حد تک خاتمہ ہو چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 2013ء کے عام انتخابات کے بعد حکومت بنانے کا موقع ملا تو اس وقت ملک میں توانائی کا بحران تھا جبکہ ملک میں امن وامان کی صورتحال بہت خراب تھی، انہوں نے ہنگامی بنیادوں پر توانائی کے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا جن کی تکمیل سے آج ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کاکسی حد تک خاتمہ ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم توانائی کے منصوبوں کی خود نگرانی کرتے رہے اور اس حوالے سے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جو توانائی کے منصوبوں کو مانیٹر کرتی رہی جس کی بدولت ملک میں توانائی کابحران ختم ہوا۔ سردار شاہ جہاں یوسف نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے نیشنل ایکشن پلان بنایا جس کی بدولت ملک میں دہشت گردی کاخاتمہ ہوا اور امن و امان کی صورتحال کافی حد تک بہتر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر این اے 13 سے بھر پور طریقے سے حصہ لوں گا اور ضلع مانسہرہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھوں گا۔