الزام واپس نہیں لوں گی، میشا شفیع ڈٹ گئیں، علی ظفر کے لیگل نوٹس کا جواب دیدیا

علی ظفر نے اپنا لیگل نوٹس واپس نہ لیا تو سول اور فوجداری قوانین کے تحت کاروائی کروں گی ‘میشا شفیع

اتوار 13 مئی 2018 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) میشا شفیع نے علی ظفر کے لیگل نوٹس کا جواب دیدیا، علی ظفر نے ایک ہی نہیں متعدد بار ہراساں کیا، میشا شفیع ڈٹ گئیں علی ظفر نے اپنا لیگل نوٹس واپس نہ لیا تو سول اور فوجداری قوانین کے تحت کاروائی کروں گی، میشا شفیع نے واضح کر دیا۔میشا شفیع نے لیگل نوٹس کا جواب قانون دان حنا جیلانی، بیرسٹر احمد پنسوتا، نگہت داد اور ثاقب جیلانی کی وساطت سے بھجوایا، میشا شفیع کا علی ظفر کے لیگل نوٹس کا جواب 4 صفحات پر مشتمل ہے، لیگل نوٹس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ کسی صورت الزام واپس نہیں لوں گی علی ظفر پر تمام الزامات درست اور حقائق پر مبنی ہیں۔

میشا شفیع نے لیگل نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ میرے بیان کے بعد کئی اور خواتین نے بھی علی ظفر پر ان الزامات کو دہرایا ہے علی ظفر نے کام کے دوران ایک نہیں بلکہ متعدد مرتبہ ہراساں کیا ہے۔

(جاری ہے)

میشا شفیع کے مطابق علی ظفر کے بیانات انکی آواز کو دبانے کی کوشش ہے میشا شفیع نے کہا کہ وہ علی ظفر کے ٹوئیٹس اور الزامات کو مسترد کرتی ہیں، علی ظفر کے بیانات اور مہم کی وجہ سے انکا خاندان متاثر ہوا، میشا شفیع کے مطابق علی ظفر کی مہم جوئی سے دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا، اگر علی ظفر نے اپنا لیگل نوٹس واپس نہ لیا تو وہ سول اور فوجداری قوانین کے تحت کاروائی کریں گی۔