پیرس کے سیاحتی مقام اوپرا میں چاقو سے حملہ ،ایک شخص ہلاک،حملہ آور بھی مار ا گیا

حملہ آوراللہ اکبر کا نعرہ لگاتے ہوئے آگے بڑھا،پانچ زخمی،دوکی حالت تشویشناک،داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

اتوار 13 مئی 2018 11:10

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حکام کے مطابق ایک حملہ آور کے چاقو کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہو گئے جس کے بعد حملہ آور کو پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ اس کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ادھر داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ حملہ ان کے ایک جنگجو نے کیا ہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ پیرس کے اوپرا ضلع میں پیش آیا اور حکام کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے پانچ افراد میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

عینی شاہدین نے کہاکہ انھوں نے حملہ آور کو اللہ اکبر کا نعرہ لگاتے سنا تھا۔ابھی تک حملے کے محرکات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت کے افراتفری پھیل گئی اور گلیوں سے لوگ ریستورانوں میں پناہ لینے کے لیے گھس گئے۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے پہلے ٹیزر گن کے ذریعے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس میں ناکامی پر دو گولیاں مار کر اسے ہلاک کر دیا۔

پولیس نے حملے کے بعد عوام سے درخواست کی ہے کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا کہ صرف مصدقہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کو شیئر کیاجائے۔اوپرا ضلع نائٹ لائف کی وجہ سے مشہور ہے اور یہاں دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔فرانس میں گذشتہ تین برس کے دوران ہونے والے شدت پسند حملوں کی وجہ سے سکیورٹی پہلے سے ہی ہائی الرٹ ہے۔خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں ٹریبس شہر میں ایک مسلح شخص نے تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا اور بعد میں پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔حکام نے بتایا تھا کہ حملہ آور ہتھیاروں سے لیس تھا اور نومبر 2015 میں پیرس حملوں میں ملوث اہم حملہ آور صالح عبدالسلام کی رہائی کا مطالبہ کر رہا تھا