اقوام کی پرامن بقائے باہمی، جرمن چانسلر میرکل کے لیے مشعل امن انعام

فرانسس آف اسیسی سے منسوب انعام اٹلی میں وصول کیا،یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے،جرمن چانسلر

اتوار 13 مئی 2018 11:50

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) جرمن چانسلر انجیلا میرکل کو اقوام کی پرامن بقائے باہمی اور امن کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کے عوض فرانسس آف اسیسی سے منسوب مشعلِ امن نامی اہم امن انعام دے دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے یہ انعام اٹلی میں وصول کیا۔میرکل کو اس امن انعام سے خاص طور پر اس لیے نوازا گیا کہ انہوں نے مختلف اقوام اور نسلی گروپوں کے مابین مفاہمت اور خاص طور پر یورپی سطح پر پرامن بقائے باہمی کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔

یہ انعام کلیسائے روم کے فرانسسکن راہبوں کی تنظیم کی طرف سے فرانسس آف اسیسی کی یاد میں دیا جاتا ہے، جو عرف عام میں مشعلِ امن کہلاتا ہے۔ میرکل کو یہ اعزاز اٹلی کے شہر اسیسی میں اسی کیتھولک کلیسائی تنظیم کی طرف سے دیا گیا اور اس موقع پر جرمن سربراہ حکومت کی ان خدمات کو خاص طور پر سراہا گیا، جو وہ اب تک یورپ کے مسلسل اتحاد کے عمل کی ترویج کے لیے انجام دے چکی ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی جرمن چانسلر میرکل کے شوہر یوآخم زاؤر بالعموم اپنی اہلیہ کی روزمرہ کی سیاسی مصروفیات سے بہت دور رہتے ہیں لیکن اس اعزاز کے لیے وہ بھی خاص طور پر میرکل کے ہمراہ اٹلی میں ٹسکنی کے خطے میں اسیسی میں واقع سان فرانچیسکو بسیلیکا میں موجود تھے۔جرمن چانسلر کو یہ انعام دیے جانے کی تقریب میں اسیسی میں موجود مہمانوں میں کولمبیا کے صدر خوآن مانوئل سانتوس بھی شامل تھے، جنہیں دسمبر 2016ء میں یہ انعام ان کی طرف سے اپنے ملک میں فارک باغیوں کی عشروں پرانی مسلح تحریک کے خاتمے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔

برلن میں وفاقی جرمن حکومت کے ترجمان اشٹیفان رائبرٹ نے اس موقع پر چانسلر میرکل کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں میرکل کے ان الفاظ کا حوالہ دیاکہ ایک معتبر امن انعام کی صورت میں یہ اعزاز میرے لیے بڑی عزت کی بات ہے، جو میرے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل بھی ہے۔یہ انعام وصول کرتے ہوئے میرکل کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے جرمن حکومتی ترجمان نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھاکہ یورپی یونین ایک انتہائی منفرد امن منصوبہ ہے۔ اگر ہم اس بات پر غور کریں کہ ہمارے اس براعظم کی تاریخ کیسی رہی ہے، تو ہم میں سے ہر کوئی دیکھ سکتا ہے کہ ہم اس وقت کتنے خوش قسمت ہیں۔