خاموشی کو توڑ کر میاں نواز شریف نے کشمیریوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ‘میر محمد یونس

اتوار 13 مئی 2018 12:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) ممبر کشمیر کونسل و مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر میر محمد یونس نے کہا کہ پہلے ’’مجھے کیوں نکالا ‘‘میں وقت ضائع کرنے کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی درندگی میں اضافہ ہوگیا جبکہ سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے بیان سے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک کو مزید نقصان ہوگا جس سے کشمیریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے سابق صدر کی جانب سے ممبئی حملے میں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کی جدوجہد کرنے والی تنظیموں کو ملوث قرار دے کر پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا جبکہ ایک جرمن صحافی نے اِس سے قبل ممبئی حملے کو اسرائیل ، امریکہ اور بھارت گٹھ جوڑ قرار دیتے ہوئے فائل بند کروادی تھی اب خاموشی کو توڑ کر میاں نواز شریف نے کشمیریوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اور دولت کے نشے میں سابق وزیر اعظم پاکستان و سابق صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی جانب سے گزشتہ روز ایک ٹی وی کو دیے جانے والے انٹرویو میں پوری قوم کو مشکلات میں ڈال دیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ’’ ممبئی حملے میں پاکستان اور دہشتگرد تنظیمیں ملوث تھیں ‘‘کے انکشاف کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے وہاں امریکہ کی جانب سے جہادی تنظیموں پر لگائی جانے والی پابندی کو بھی سچ ثابت کردیا ہے وہاںدنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پہلے ’’مجھے کیوں نکالا- ‘‘میں میاں نواز شریف اِتنے گم ہوگئے تھے کہ ممبئی حملہ جس کی فائل جرمنی صحافی کی رپورٹ کے بعد تقریباً بند ہوچکی تھی جس میں اُنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ممبئی حملے میں اسرائیل ، امریکہ اور بھارت کی گٹھ جوڑ کے باعث حملہ وارخود بھارتی تھے جبکہ گزشتہ روز میاں نواز شریف کی جانب سے دیے جانے والے انٹرویو کے بعد ممبئی حملہ ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جس کے نتائج مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی پر کام کرنے والی جہادی تنظیموں پر پڑے گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ امریکہ پہلے ہی جہاد کو دہشتگرد اور جہادی تنظیموں کے خلاف پابندی لگا کرمزید شواہدات اکٹھے کررہا تھا جبکہ میاں نواز شریف نے اپنے بیان کے بعد امریکہ او ربھارت کے ہاتھ مضبوط کردیے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں سیاست اپنی جگہ مگر اقتدار کی کرسی پر بیٹھنے کیلئے اتنے بھی مدہوش نہ ہوں جس کے باعث ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس بیان کے بعد میاں نواز شریف کو باقاعدہ اِس بیان کی وضاحت بیان کرکے قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔اُنہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے بیان کے بعد قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے ،انٹرنیشنل سطح پر پاکستانیوں پر بھی اِس کا اثربرا پڑے گا ۔