پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ری ماڈلڈ قونصلر ونگ کا افتتاح کیا

اتوار 13 مئی 2018 12:40

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری اور پاکستان کے دورے کے خواہشمند شہریوں کو سہولیات میں مزید بہتری لانے کیلئے سفارت خانے میں ری ماڈلڈ قونصلر ونگ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی اورمیڈیاکے نمائندے بھی موجود تھے۔ اعزاز چوہدری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی انہوں نے پاکستانی برادری اور پاکستان کا دورے کے خواہشمند شہریوں کو سہولیات میں مزید بہتری لانے کا عہد کیا تھا۔

انہوں نے سفارتخانے اور چاروں قونصل خانوں میں اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا اورکہا کہ اس ضمن میں قونصل جنرلز کی دو کانفرنسز منعقد ہوئیں جن میں خدمات کو بہتر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے سفارتخانے کی ویب سائٹ میں اضافی فیچر متعارف کرانے، چھٹی کے دن قونصل خدمات کی فراہمی، ایمبیسی میں کال وصول کرنے والے مستعد عملے کی تعیناتی اورقونصل خانوں میں فراہم کی جانے والی خدمات کا تفصیل سے ذکرکیا۔ انہوں نے سفارتخانے اور قونصل خانوں کی خدمات سے استفادہ کرنے اور اس حوالے سے صارفین کے مثبت فیڈ بیک کا بھی ذکر کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اورمیڈیا کے نمائندوں نے سہولیات کی فراہمی میں بہتری کا خیرمقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :