پی ٹی آئی کی کارکردگی سوشل میڈیا تک محدود ہے‘سکندر شیر پائو

اتوار 13 مئی 2018 13:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صوبہ میں تبدیلی تو دور کی بات ہے ، عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کا حساب بھی نہیں دے سکتے، انہوں نے کہا کہ موجوہ حکومت نے بدانتظامی اور بد عنوانی کی مثالیں قائم کردی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل گنڈھیری میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بی آر ٹی میں اپنی نا کامی تسلیم کرنے کے بجائے اس کا نزلہ ودسروں پر گرارہی ہے۔سکندرشیرپائونے کہا کہ پی ٹی آئی کی کارکردگی صرف سوشل میڈیا تک محدود ہے اور عملی میدان میں انہوں نے عوام کی بہبود اور صوبہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں اصلاحات کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کی تقریباً پانچ سالہ کارکردگی عوام نے دیکھ لی ہے اور آئندہ ان کے پرفریب اور خالی خولی نعروں میں ہر گز نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا اندازہ کسی حکومت کے عملی اقدامات اور زمینی حقائق کا مقابلہ کرکے لگایا جاتا جاتا ہے ، خیالی پلائو پکا کر نہیں۔