افغانستان میں طالبان کے پولیس اسٹیشن پرحملے،جھڑپوں میں 45جنگجوہلاک

40سے زائد جنگجوزخمی،،16اہلکاربھی ہلاک، طالبان حملے کے بعدہتھیار اور دیگر سیکیورٹی آلات بھی ساتھ لے گئے

اتوار 13 مئی 2018 13:10

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) افغانستان میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں45 طالبان اور16 افغان اہلکار مارے گئے۔ واقعے کے بعد حملہ آور اپنے ہمراہ ہتھیار اور دیگر سیکیورٹی آلات بھی ساتھ لے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت دفاع نے گزشتہ روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہاکہ طالبان جنگجووں نے گذشتہ رات فراہ شہر پر حملہ کردیا جس کے بعد افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں45 طالبان اور16 افغان اہلکار مارے گئے۔

بیان کے مطابق40سے زائد طالبان جھڑپوں میں زخمی ہوئے ،طالبان نے جھڑپوں کی تصدیق کردی ۔دوسری جانب صوبائی کونسل کے سربراہ فرید بختاور کا کہنا تھا کہ رات گئے ضلع بالا بلوک میں مسلح جنگجووں نے پہلے پولیس اسٹیشن کو گھیرے میں لے کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فراہ شہر میں ہی کیے جانے والے طالبان کے دوسرے حملے میں بھی متعدد پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ واقعے کے بعد حملہ آور اپنے ہمراہ ہتھیار اور دیگر سیکیورٹی آلات بھی ساتھ لے گئے۔

واضح رہے کہ صوبہ فراہ افغانستان کے صوبے ہلمند اور ایران کے سرحدی علاقے کے درمیان میں قائم ہے اور گزشتہ کچھ ماہ میں یہاں کے مختلف علاقوں میں جنگجووں کی مسلح کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ فراہ کا علاقہ ایران اور افغانستان کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ کے حوالے سے بہت اہم ہے۔